متحدہ لندن دہشتگرد اسکول مالک سے بھتہ لیتے گرفتار

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رینجرز ٹاسک فورس نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نجی اسکول کے مالک سے بھتہ وصول کرنے والے متحدہ قومی موومنٹ لندن دہشتگرد کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے بھتہ کی رقم اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ گرفتار ہونے والے بھتہ خور سے مقامی اخبار کا کارڈ بھی ملا ہے۔ ایس پی نیو کراچی شبیر بلوچ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رینجرز ٹاسک فورس نے سرسید پولیس کے ساتھ مل کر محمد شاہ قبرستان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے بھتہ خور سید عامر علی کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ اور 20ہزار روپے بھتے کی رقم برآمد کرلی ، گرفتار ہونے والا متحدہ قومی موومنٹ لندن کا بھتہ خور جیل سے کچھ ماہ پہلے رہا ہوا تھا اور اس نے جیل سے رہا ہونے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ لندن کو دوبارہ فعال کررہا تھا اور اسکے گروپ میں 15سے 20لوگ شامل ہیں ۔بھتہ خور سیکٹر 11سی ون میں واقع جوپیٹر اسکول کے مالک عمران ابراہیم سے چار مرتبہ متحدہ قومی موومنٹ لندن کے نام پر بھتہ وصول کرچکا تھا اور پانچویں مرتبہ بھتہ کی ڈیمانڈ کررہا تھا جس پر اسکول کے مالک عمران ابراہیم نے سرسید تھانے میں اپنی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 274/18دہشت گردی دفعات کے تحت درج کروایا تھا ،جس پر رینجرز ٹاسک فورس اور پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے خطرناک بھتہ خور کو گرفتار کرنے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی۔بھتہ خور اسکول کے مالک عمران ابراہیم سے بھتہ وصول کرنے کیلئے محمد شاہ قبرستان پہنچا اور اس نے بھتہ کی رقم 20ہزار روپے وصول کرکے فرار ہورہا تھا کہ رینجرز ٹاسک فورس اور پولیس نے بھتہ خور کو گرفتار کرلیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More