عالمی ریڈ کراس کومحفوظ راستہ نہ دینے کا طالبان اعلان
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)افغان طالبان نے اعلان کیا ہے کہ وہ افغانستان میں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس(آئی سی آر سی) کے عملے کو محفوظ راستہ نہیں دیں گے۔ طالبان کا موقف ہے کہ عالمی ریڈ کراس جیلوں میں قیدیوں کی مدد کرنے میں ناکام رہا ہے۔طالبان ترجمان کے مطابق عالمی ریڈ کراس نے کابل میں واقع پلِ چرخی جیل میں حالات کی بہتری کیلئے ہزاروں قیدیوں کی بھوک ہڑتال پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا، دس روز میں سیکڑوں قیدی کومہ کی حالت تک جاپہنچے ہیں ، اسی طرح سیکڑوں شدیدبیمار قیدیوں کا علاج نہیں کرایا جارہا جس سے ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں، گذشتہ مہینوں کے دوران چند بیمار قیدی جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔آئی سی آر سی کی ترجمان آندریا پریٹا نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا کہ ریڈ کراس طالبان کے ساتھ رابطے ہیں ہے اور امید ہے کہ اس مسئلے کا حل نکل آ ئیگا۔