عمران علی شاہ پر بیرون ملک اثاثے کم ظاہر کرنے کا بھی الزام
کراچی ( اسٹارف رپورٹر ) پی ایس 129سے رکن اسمبلی عمران علی شاہ پر بیرون ملک اثاثے کم ظاہر کرنے کا بھی الزام ہے ۔تفصیلات کے مطابق عمران علی شاہ نے اپنے کاغذات نامزدگی میں سال15/2014کی آمدنی 7 کروڑ 40 لاکھ 96 ہزار 21 روپے ظاہر کی اور دستاویزات کے مطابق اس رقم پر 27 لاکھ 71 ہزار 433 روپے ادا کئے ، جب کہ سال 16/2015میں اپنی آمدنی 3 کروڑ 3 لاکھ 20 ہزار 164روپے پر 31 لاکھ 48 ہزار 298 روپے ظاہر کئے اور سال 17/2016 میں 2 کروڑ 36 لاکھ 67 ہزار 253 روپے آمدنی کے ساتھ 30 لاکھ 76 ہزار 787 روپے ٹیکس ادائیگی ظاہر کی ۔عمران علی شاہ کی جانب سے اپنے کاغذات نامزدگی میں 30جون 2017 کے روز یعنی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے تک ملک میں موجود اثاثہ جات کی مالیت 8 کروڑ 26 لاکھ 89 ہزار 50 روپےظاہر کی گئی ، جب کہ ساتھ ہی بیرون ملک موجود اثاثہ جات کی رقم 4 کروڑ 47 لاکھ 52 ہزار 499 روپے بتائی گئی ۔ اسی طرح سرمایہ کاری کی مد میں اندرون ملک 1 کروڑ 60 لاکھ 88 ہزار 780 اور بیرون ملک سرمایہ کاری کی رقم 29 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ۔عمران علی شاہ کے دستاویزات کے مطابق وہ ہر سال بیرون ملک دوروں پر بھی جاتے رہے ہیں اور اس حوالے سے سال 2015 میں بیرون ملک دوروں پر 6 لاکھ 94 ہزار 200 روپے ۔ سال 2016 میں 5 لاکھ 23 ہزار 600 روپے اور سال 2017 میں بیرون ملک سفر کرنے کی مد میں انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں 10 لاکھ 47 ہزار 500 روپے کی رقم ظاہر کی ۔’’امت‘‘ کو ذرائع نے بتایا کہ عمران علی شاہ کی دوہری شہریت کو بھی چھپایا گیا ہے جب کہ ان کی جانب سے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی کم ظاہر کی گئی ہیں جس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔