عمران نااہلی کیس میں آج سماعت کیلئے بینچ تشکیل
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کیس کی سماعت کے لیے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں بینچ تشکیل دے دیا گیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ آج جمعرات کو کیس کی سماعت کرے گا۔ بینچ کے دوسرے رکن جسٹس اطہر من اللہ ہیں۔ دو رکنی بینچ پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کی جانب سے دائر پٹیشنز کی سماعت کرے گا۔ ہائی کورٹ کا بینچ چیئرمین پی ٹی آئی کو وزارت عظمی کے انتخاب میں حصہ لینے سے روکنے کے لئے متفرق درخواست کی سماعت بھی کرے گا۔سابق چیف جسٹس نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان نے اپنی بیٹی ٹیریان سے متعلق جھوٹ بولا لہذا وہ صادق و امین نہیں رہے، آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت وہ رکن قومی اسمبلی بننے کے اہل نہیں، انہیں وزیر اعظم بننے سے روکا جائے۔ ادھر پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ پر اعتراض کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے کیونکہ جسٹس اطہر من اللہ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کےساتھی اور ترجمان رہے ہیں ۔اس حوالے سے درخواست کل دائر کیا جائے گی۔واضح رہے کہ پہلے یہ کیس جسٹس شوکت صدیقی کے پاس ہی تھا جن کے ساتھ جسٹس عامر فاروق بنچ میں شامل تھے۔ تاہم 29 جولائی کو بینچ سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو علیحدہ کر کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو شامل کیا گیا مگر یکم اگست کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب دونوں نے سماعت سے معذرت کر لی تھی۔