خواجہ آصف-علیم خان کیخلاف نیب تحقیقات کی منظوری

0

اسلام آباد(رپورٹ اخترصدیقی )قومی احتساب بیورونے تحریک انصاف کے اہم رہنماء علیم خان ،بابرغوری ، سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف ،کیپٹن ریٹائرڈصفدراوردیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی۔پی ٹی آئی کے علیم خان کے خلاف مشتبہ رقوم کی منتقلی کے الزام میں تحقیقات کی منظوری دی گئی ملزمان پر آمدن سے زائداثاثے بنانے کاالزام ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جنا ب جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا ۔اجلاس میں مندرجہ ذیل فیصلے کئے گئے۔نیب اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اورانویسٹی گیشن مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب تمام متعلقہ افراد سے بھی قانو ن کے مطابق ان کا موقف معلوم کرے گا تاکہ قانو ن کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وفاقی وزیر بابر خان غوری اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر 974 بھرتیاں کرنے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو تقریباََ 2 ارب اور85 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سکندرعزیز اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر کنٹونمنٹ بورڈ پشاور بورڈ کی زمین پر جعلی کاغذات کی بنیاد پر قبضہ کرنے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف اور دیگرکے خلاف ا نکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طورپر منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو تقریباََ 3668.671 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے صوبائی ورکس ویلفئیر بورڈ پنجاب ،سندھ و بلوچستان کے افسران / اہلکاران کے خلاف ا نکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پرا ختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے میٹرک ٹیک پراجیکٹ میں آلات کی خریداری میں خرد برد کا کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو تقریباََ 100 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران / اہلکاران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر ملتان سکھر موٹر وے کا ٹھیکہ دیا۔جس سے قومی خزانے کو 259.352 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میسرز ساحل پرائیویٹ لمیٹڈ کی انتظامیہ اور ریوینیو افسران و اہلکاران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وفاق وزیر برائے ریلوے / صوبائی وزیر برائے آبپاشی سندھ ظفر علی لغاری اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر بدعنوانی اور سرکاری زمین پرقبضہ کرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو تقریباَ 574َ ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ سپیشل اسسٹنٹ برائے وزیر اعلٰی سندھ بھلاج مل کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ممبر قومی اسمبلی ،ملیر کراچی عبد الحکیم بلوچ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزم پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو تقریباَ 730 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے ڈسٹرکٹ ناظم پشاور اوردیگر کے خلاف انکوائری کی بھی منظوری دی۔ جبکہ سابق ممبر قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدرکے حلقہ این اے 21 مانسہرہ میں پی ڈبلیو ڈی کو 9 ارب روپے جاری کرنے اور فنڈز من پسند ٹھیکہ داروں کے ذریعے غیر معیاری ترقیاتی کام کروانے کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی ۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے امجد علی خان سابق چیف سیکرٹری خیبر پختون خواہ ، افسران واہلکاران سی اینڈ ڈبلیوڈیپارٹمنٹ، افسران واہلکاران محکمہ آبپاشی اوردیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ اجلاس نے صوبائی ممبر بلوچستان اسمبلی انیتاعرفان بشیراوردیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کرسچن ہاؤسنگ اسکیم کوئٹہ کے فنڈز میں خردبرد اور بدعنوانی کا الزامہے۔جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ممبر قومی اسمبلی رمیش لال اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سندھ قمبر شہداد کوٹ سردار غیبی خان چانڈیواور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس NTS))کے ہارون الرشید ،وحید اللہ ناگرہ، محمد جاوید سابق ریجنل ہیڈ، محب الرحمان ریجنل ہیڈ اور پنجاب پرائمری اینڈ سیکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور دیگر کے خلاف مبینہ بدعنو انی اور امتحانات کے انعقاد میں غیر شفافیت کی شکایت پر انکوائری کی منظوری دی۔ جبکہ طاہر محمود خاکوانی پرایئویٹ شخص کے خلاف مبینہ بدعنوانی اور عوام کو دھوکہ دھی کے الزا م میں انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More