کپواڑہ میں محاصرہ کے دوران جھڑپوں میں 4 بھارتی فوجی زخمی

0

لاہور(نمائندہ امت) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں جھڑپوں کے دوران 4 بھارتی فوجیشدید زخمی ہوگئے ۔ادھرجموں کشمیر مسلم لیگ نے کہاہے کہ کشمیری عوام گزشتہ ستر برس سے غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور بھارتی یوم آزادی یا پھر یوم جمہوریہ کی تقریبات ان کیلئے کوئی اہمیت نہیں رکھتیں۔ بھارتی فورسز اہلکاروں کے پہرے میں بھارتی جھنڈا لہرانے سے جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ امت کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں پر ضلع کے علاقے نوگام میں اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں مصروف تھے۔ زخمی اہلکاروں کو کپواڑہ کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ حملے کے بعد قابض فوج نے مزید کمک منگواکر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی تیز کر دی ہے۔ بھارتی فورسز نے ضلع راجوری کے علاقے جہانگر میں تلاشی کی ایک بڑی کارروائی شروع کر دی ہے۔ امت کی رپورٹ کے مطابق ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے تلاشی اور محاصر ے کی کارروائی کے بعد زبردست احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ فوجیوں کی کارروائی کے فورابعد لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر زبردست مظاہرے کئے۔بھارتی فورسزنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ پلوامہ، سوپور، کلگام، سری نگر اور دیگر علاقوں میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔ اس دوران بھارتی فوج نے کشمیریوں پر بدترین لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد کشمیری زخمی ہوئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More