ضمنی انتخابات14اکتوبر کو ہوں گے-شیڈول جاری
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی-مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نےقومی وصوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پرضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے،ضمنی انتخابات 14اکتوبرکو ہوں گے،تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ نے قومی وصوبائی اسمبلیوں کی 30 خالی نشستوں پرضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ شیڈول کے مطابق ملک بھرمیں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 14 اکتوبرکوہوگی اورریٹرننگ افسران 27 اگست کو پبلک نوٹس جاری کریں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار28 اگست سے 30 اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، امیدواروں کے ناموں کی فہرست 31 اگست کوجاری کی جائے گی، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 ستمبر تک ہوگی جب کہ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں پر اپیلیں 8 ستمبر تک دائر کی جاسکیں گی۔شیڈول کے مطابق اپیلٹ ٹربیونل 13 ستمبرتک اپیلوں پر فیصلے کریں گے، امیدواروں کی نظرثانی شدہ لسٹ 14 ستمبر کو جاری ہوگی، امیدواراپنے کاغذات 15 ستمبر تک واپس لے سکیں گے جب کہ امیدواروں کو انتخابی نشانات 16 ستمبرکو جاری کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ یہ وہ نشستیں ہیں جہاں مختلف وجوہات کی بنا پر25 جولائی کو یا تو ووٹنگ نہیں ہوسکی تھی یا پھران حلقوں سے کامیاب امیدواروں نے وہ نشستیں چھوڑدی تھیں۔واضح رہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے 30 سے زائد (قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلی کے 19 سے زائد) حلقوں میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ہوگا۔قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا، ان میں این اے 35، این اے 53، این اے 60، این اے 63، این اے 65، این اے 69، این اے 103، این اے 124، این اے 131 اور این اے 243 شامل ہیں۔