افغانستان کا پاکستانیوں کودہشت گردکہنابدقسمتی ہے۔جنرل باجوہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کو پاکستان سے کسی قسم کی مدد نہیں مل رہی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغانستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر اورقیمتی جانوں کے ضیاع پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کا دہشت گردی کاشکار پاکستانیوں کودہشت گردکہنابدقسمتی ہے ۔افغانستان میں قیام پذیرپاکستانی بھی افغانوں کیساتھ دہشت گردحملوں کاشکارہوتے ہیں۔آرمی چیف نے یاد دلایا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کئی دھڑے اب بھی افغانستان میں روپوش ہیں۔دریں اثنا آرمی چیف نے پاکستان میں کارڈینل کے عہدے پر فائز ہونے والے کیتھولک مسیحی پیشوا جوزف کوٹس کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کارڈینل جوزف کوٹس کے تقرر کو عظیم قومی اعزاز قرار دیتے ہوئے اسے قومی ہم آہنگی بڑھانے کیلئے سنگ میل قرار دیا ہے ۔ آرمی چیف نے قومی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ملکی دفاع میں اقلیتی بھائی بھی کسی سے پیچھے نہیں۔