ناجائز اثاثوں پر سابق آئی جی جیل کیخلاف نیب گھیرا تنگ

0

کراچی (رپورٹ: نواز بھٹو) نیب نے قریبی عزیزوں کے نام پر کروڑوں کی املاک خریدنے پر سابق آئی جی جیل نصرت مگھن کے گرد گھیرا تنگ کردیا اور بورڈ آف ریونیو اور ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان سے نصرت مگھن، ان کی اہلیہ رخسانہ نصرت سمیت و دیگر عزیزوں کے نام پر بنائے گئے اثاثوں کا ریکارڈ 25اگست تک طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب کراچی نے سابق آئی جی جیل نصرت مگھن کے غیر قانونی طریقے سے اور آمد سے زائد اثاثوں کی تحقیقات شروع کردی۔ نصرت مگھن پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی آمدنی کے لئے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔نیب ذرائع کے مطابق ابتدائی چھان بین مکمل کرلی گئی ہے، جس میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ نصرت مگھن نے آمدن سے زائد زیادہ تر اثاثے اپنے قریبی رشتہ داروں کے نام خرید کر رکھے ہیں۔ چھان بین کے دوران نیب کو یہ بھی معلوم ہوا کہ کروڑوں روپے کے کچھ اثاثے ایسے بھی ہیں جو نصرت مگھن نے اپنے قریبی دوستوں کے نام پر خریدے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر آصف رضا نے 15 اگست کو ڈپٹی کمشنر ضلع ٹنڈو محمدخان کو جاری کئے جانے والے لیٹر No.NABK20170020182187/IW- 1/ARM-C/NHM-Prison/2018/5982 میں کہا گیا ہے کہ وہ 27 اگست کو جاری تحقیقات میں پیش ہوں۔ لیٹر میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ نصرت حسین ولد انور علی، رخسانہ نصرت اہلیہ نصرت مگھن، سکندر علی ولد فقیر عبدالغفور اور امجد علی لکھن ولد سکندر علی کے نام پر موجود تمام اثاثوں کا ریکارڈ اور ثبوت پیش کئے جائیں۔ نیب نے شاہنواز ولد محمد بچل، شاہ دیو واکوانی ولد سیتل داس اور علی اصغر ولد عبد اللہ ہالیپوٹو کے نام پر اثاثوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اثاثوں کے ریکارڈ کے حصول کے لئے بورڈ آف ریونیو کو بھی لیٹر بھیجا گیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق نصرت مگھن کی بطور آئی جی جیل تعیناتی کے دوران حکومت کے جاری بجٹ کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے متعلقہ محکمے کو نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں۔ نصرت مگھن کی تعیناتی کے دوران جیلوں کی مرمت اور ترقیاتی کاموں کے بجٹ کا بڑا حصہ خورد برد کرلیا جاتا تھا، جبکہ جیل عملے کی وردیوں، قیدیوں کے کھانے کے بجٹ میں بھی کرپشن کی جاتی تھی۔ نصرت مگھن پر الزام ہے کہ قیدیوں کو غیر قانونی سہولیات کے عوض ملنے والی رشوت کا بڑا حصہ اوپر تک پہنچایا جاتا تھا، جس کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔اس حوالے سے جب نصرت مگھن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More