لوڈ شیڈنگ کے باعث چھریاں- چاقو تیزکرنے والے دکاندار پریشان
کراچی(اسٹاف رپورٹر) لوڈشیڈنگ کے باعث چھری تیز کرنے والے دکانداروں کو آرڈر پورا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دکانداروں نے اوزار تیز کرنےکےدرجنوں آڈرز پکڑرکھے ہیں‘معلوم ہوا ہے کہ صدر،لیاری ،بلدیہ،ملیر،شاہ فیصل سمیت دیگرعلاقوں میں کے الیکٹرک حکام نے لوڈشیڈنگ کادورانیہ بڑھا دیا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ علاقوں میں چھری تیز کرنے والے دکانداروں کا کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے‘ لیاری کے دکاندار شارق نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے درجنوں آڈرز متاثر ہورہے ہیں‘ دکاندار جمیل نے بتایا کہ عید قریب آتے ہی چھری تیز کروانے والوں کا رش لگ جاتا ہے، یومیہ درجنوں شہری جانور ذبح کرنے والے اوزاروں میں دھار لگوانے کے لیئے دکان کا رخ کررہے ہیں لیکن لوڈشیڈنگ کی وجہ سے وہ اضافی آڈر نہیں لے سکتے۔دکاندار یونس نے بتایا کہ دن میں 8گھنٹے جنریٹر کا استعمال ہورہا ہے اور پیٹرول اس قدر مہنگا ہے کہ کاروبار کرنا دشوار ہوتا جارہا ہے۔