حج کا رکن اعظم وقوف عرفات آج ادا کیا جائے گا-منیٰ میں شدید بارش
جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک)فریضہ حج آج ادا کیا جائے گا،اتوار کو لاکھوں حاجی منیٰ پہنچے جہاں انھوں نے رات عبادت میں گزار ی تاہم منیٰ پہنچتے ہی انہیں طوفانی ہوائوں اور شدید بارش کا سامنا کرنا پڑا۔ حاجی آج صبح نماز فجر کے بعد حج کے رکن اعظم وقوف عرفات کے لئے میدان عرفات روانہ ہوئے حجاج کرام مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گےجہاں ظہر اور عصر کی قصر نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی، سورج غروب ہونے سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ قصر کے ساتھ ادا کریں گے۔مزدلفہ میں رات قیام کے دوران حجاج رمی جمرات کے لیے کنکریاں چنیں گے اور نماز فجر ادا کریں گے پھرطلوع آفتاب کے بعد منیٰ روانہ ہوجائیں گے، جہاں سب سے بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔رمی کے بعد حجاج جانور کی قربانی اورسر منڈوا کر یا بال کٹوا کر احرام کھول دیں گے۔اس کے بعد مکہ المکرمہ جا کر مسجد الحرام میں طواف زیارت اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کریں گے، بعدازاں حجاج کرام واپس منیٰ آ جائیں گے۔