گستاخانہ خاکوں پر ہالینڈ کیخلاف ملک بھر کی سڑکوں پر احتجاج

0

کراچی/ پشاور/کوئٹہ(نمائندگان امت)ہالینڈمیں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے اعلان کے خلاف کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا اورریلیاں نکالی گئیں،مظاہرین نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے ہالینڈ کی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور وزیر اعظم عمران خان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہالینڈ کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے ناپاک منصوبے کے خلاف اتوار کو سنی تحریک کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر گستاخ نبیؐ کی ایک سزا سر تن سے جدا۔ ہالینڈ کا سفارتخانہ ہمیشہ کیلئے بند کرو جیسے نعرے درج تھے۔ سنی تحریک کی مرکزی رابطہ کمیٹی کے عہدیداروں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ناموس رسالتؐ کیلئےجان قربان کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ہم سب ممتاز قادری شہید کے راستے پر چلیں گے۔ انہوں نے کہا گستاخانہ خاکے کھلی دہشت گردی ہے۔ حکومت ہالینڈ کا سفارتخانہ ہمیشہ کیلئے بند کرے۔ تحریک لبیک ضلع حیدر آباد کی جانب سے حیدر چوک سے ریلی نکالی گئی ۔ مظاہرین نے ہالینڈ کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مولانا عبدالقدوس قادری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اس معاملے کا نوٹس لے۔ٹنڈومحمد خان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنان نے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے سے ہالینڈ کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آگئی ، وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان اس کے خلاف عملی اقدامات کرے۔پشاورمیں تحریک لبیک کے تحت احتجاجی ریلی نکالی گئی جو میلاد ہاؤس سے شروع ہوکر جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پشاور پر اختتام پذیر ہوئی۔ لکی مروت میں بڑی تعداد میں لوگوں نے بنوں میانوالی روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ہالینڈ کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ عوام ہالینڈ کی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کردیں۔ بنوں میں ختم نبوت بنوں تاجر تنظیموں اہلسنت والجماعت اور مدرسہ معارف القرآن غلہ منڈی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور احتجاجی ریلی نکالی گئی ان میں ایک ریلی غلہ منڈی سے شروع ہوئی اور بنوں پریس کلب پہنچی جہاں روڈ کو بلا ک کر کے احتجاج کیا گیا جبکہ دوسری ریلی میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ختم نبوت کے رہنما حافظ عبدالستار شاہ بخاری و دیگر نے کہا کہ حکومت ہالینڈ کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات منقطع کرے،سوات کے علاقے مدین میں جماعت اہلسنت والجماعت نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے ز سے خطاب کرتے ہوئے مولانا رفیع اللہ و دیگر نے کہا کہ ہالینڈ نے عالم اسلام کے ایمان کو چیلنج کیا ہے۔ ٹانک میں جے یو آئی کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب میں ضلعی امیر مولانا شریف شیخ بشیر احمد نقشبندی نے کہاکہ کوئی مسلمان اپنے پیارے نبیؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا۔ بلوچستان کے علاقے چاغی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف تحریک لبیک کے تحت ریلی نکالی گئی۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ ایسا قانون بنائے جس میں ہر پیغمبر کی شان میں گستاخی کو جرم اور اس کی سزا موت مقرر کی جائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More