محمد زبیر خان
حافظ محمد سعید مقبوضہ کشمیر کے غریب عوام کی جانب سے بھی قربانی کا فریضہ انجام دیں گے۔ اپنی طرف سے گھر میں بکرا یا دنبہ اپنے ہاتھ سے ذبح کریں گے، جبکہ اجتماعی قربانیوں میں بھی حصہ لیں گے۔ علامہ خادم حسین رضوی گھر میں پالے ہوئے دو بکرے قربان کریں گے۔ ان کا عید کا دن مریدوں کے ساتھ گزرتا ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے اجتماعی قربانی میں حصہ لیا ہے۔ سنی تحریک کے رہنما بلال قادری گائے خریدیں گے۔ وہ ہر سال اپنے ہاتھ سے قربانی کرتے ہیں۔
ملک بھر میں قربانی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ جہاں عوام قربانی کی تیاریاں کررہے ہیں، وہیں مذہبی رہنما و علمائے کرام بھی قربانی کی تیاریاں کررہے ہیں۔ پروفیسر حافظ محمد سعید کے قریبی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق حافظ سعید مظلوم کشمیریوں کی جانب سے بھی جانور قربان کریں گے، یہ سلسلہ گزشتہ کئی سال سے جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سال انہوں نے سندھ کے پسماندہ علاقوں میں اجتماعی قربانی کیلئے بھی حصہ ڈالا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ وہ ایک بکرا اپنے گھر پر بھی قربان کریں گے اور یہ قربانی وہ اپنے ہاتھوں سے کرتے ہیں۔ قربانی کے موقع پر نہ صرف یہ کہ حافظ سعید خود اپنے ہاتھ سے قربانی کرتے ہیں، بلکہ لاہور کے جس علاقے جوہر ٹائون میں رہائش پذیر ہیں، اس علاقے کے اردگرد کے لوگ اور ہمسائے بھی حافظ سعید سے اپنے جانور ذبح کراتے ہیں اور اس مقصد کیلئے دنبے اور بکرے ان کے گھر لے آتے ہیں اور حافظ سعید خوشی خوشی ان کا قربانی کا مال بھی ذبح کردیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حافظ سیعد کی رہائش گاہ پر یہ سلسلہ سارا دن چلتا رہتا ہے اور اس دوران ان سے کارکنان اور رہنما بھی ملاقات کیلئے آتے رہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بقر عید کے روز حافظ سعید کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کا قریبی رشتہ داروں کے ساتھ ملاقات کا کوئی سبب بن جائے جس کیلئے وہ عید کے روز اپنے تمام قریبی رشتہ داروں کو گھر میں کھانے کی دعوت دیتے ہیں اور ان کیلئے پر تکلیف ضیافت کا اہتمام کرتے ہیں۔
تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم حسین رضوی اس سال بھی گزشتہ برسوں کی طرح گھر میں پالے ہوئے دو بکرے قربان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق خادم حسین رضوی گزشتہ کئی سال سے اپنے گھر میں پالے ہوئے بکرے ہی قربان کررہے ہیں اور اس سال بھی وہ گھر میں پالے ہوئے بکرے ہی قربان کریںگے۔ ذرائع کے مطابق خادم حسین رضوی مقامی مسجد اور مدرسہ میں عید کی نماز پڑھائیں گے اور پھر اپنی رہائش گاہ پر قربانی کریں گے اوراس کے ساتھ ہی ان کے گھر پر پورا دن ان کے مریدوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے جن کیلئے خادم حسین رضوی گھر پر ہی قربانی کے گوشت سے ضیافت کا اہتمام رکھتے ہیں۔ اس موقع پر تحریک لبیک کے دیگر رہنما بھی ان کی رہائش گاہ پر پہنچ جاتے ہیں اور اس موقع پر مختلف اجتماعی قربانیوں کے حوالے سے تفصیلات لی جاتی ہیں۔ اگر کسی مقام پر کوئی کمزوری وغیرہ ہو تو اس کو دور کیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق عوام اور مریدوں کی بڑی تعداد عید کے روز خادم حسین رضوی سے ملاقات کیلئے آتی ہے، جس کی وجہ سے وہ عید کا دن اپنے گھر پر ہی گزارتے ہیں جبکہ قربانی کے مراحل ان کے صاحبزادے اور خدام دیکھتے ہیں۔ تحریک لبیک کے ترجمان پیر اعجاز ہاشمی نے اجتماعی قربانی میں حصہ ڈالا ہے جو غربا میں تقسیم کی جاتی ہے۔ نماز عید کے بعد اجتماعی قربانی کے معاملات دیکھتے ہیں اور پھر اس کے بعد علامہ خادم حسین رضوی کی طرف چلے جاتے ہیں۔
سنی تحریک کے رہنما بلال سلیم قادری نے پروگرام بنا رکھا ہے کہ وہ اتوار کی شام تک کوئی بھی جانور پسند آنے پر خرید لیں گے۔ ذرائع کے مطابق بلال سلیم قادری نے ایک لاکھ روپے کا بجٹ قربانی کیلئے مختص کر رکھا ہے اور یہ بجٹ وہ اور ان کے گھر والوں نے مل کر مختص کیا ہے۔ بلال سلیم قادری قربانی کرنے کے بعد سارا کا سارا گوشت اپنے والد سلیم قادری کے مزار والے مقام بلدیہ ٹائون کے غریب علاقوں میں تقسیم کرا دیتے ہیں۔ ان کا عید کا دن تقریباً گھر ہی میں گزرتا ہے اور سار دن میل ملاقات ہوتی رہتی ہے۔ جبکہ قربانی کے جانور کو وہ خود حلال کرتے ہیں۔
Next Post