کراچی میں شہریوں کیلئے ڈی سیلینیشن پلانٹس لگانے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی کا بینہ نے اپنے پہلے اجلاس میں کراچی کے شہریوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے ۔تھر ،عمر کوٹ کے کچھ علاقے قحط زدہ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے اجلاس گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہوا ۔اجلاس میں تمام 8وزراء دونوں مشیروں، چیف سیکریٹری ، آئی جی اور متعلقہ سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی پی کی گذشتہ حکومت نے 3 ماہ کا بجٹ پاس کیاتھا تاکہ نگراں حکومت ستمبر 2018 تک ضروری اخراجات کرسکے۔اب ہم 30 ستمبر سے قبل نیا بجٹ بنائیں گے اور اسے اسمبلی میں پیش کریں گے۔صوبے کی مالی صورتحال بہت اچھی نہیں ہے ۔ ہم وفاقی حکومت سے جو فنڈز کی توقع کررہے تھے وہ ہمیں نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق سو موٹو کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں اس آئٹم کو رکھیں تاکہ گاڑیوں سے متعلق مناسب فیصلہ کیا جاسکے۔وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کریں تاکہ شہر میں پانی کے مسئلے کو جلد سے جلد حل کیا جاسکے۔