مقابلے میں2ڈاکو ہلاک-مزاحمت پر شہری جاں بحق
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی صنعتی ایریا میں مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ۔ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔سرجانی میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو ماردیا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا ناصر جمپ کے قریب 3ڈاکو شہری سے لوٹ مار کررہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل ارشد مغل تین گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال پہنچایاگیا ، جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا ، پولیس نے ہلاک ڈاکووں کی لاشیں قبضے میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق ہلاک شدگان کی عمریں 25سے 30 سال ہیں تاہم ملزمان کی شناخت نہیں ہو سکی لاشیں شناخت کیلئے سرد خانے میں رکھوادی گئی ہیں زخمی اہلکار کو تین گولیاں بازو، پیٹ اور ٹانگ میں لگی ہیں اسکی کی حالت تشویشناک ہے مضروب کو نجی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ، ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی نے پولیس پارٹی کو 10 ہزار نقد انعام دیا ہے ۔دریں اثنا سرجانی میں ڈکیتی مزاحمت پر کباڑیا مالک حاجی بشیر ولد اللہ یار ہلاک ہوگیا۔دریں اثنا ڈرگ روڈ ریلوے پھاٹک ،خواجہ اجمیر نگری ،ساٗئٹ سپر ہائی وے ،شاہ لطیف شاہ فیصل کالونی کے علاقے گرین ٹاون میں ڈکیتی مزاحمت پر 40 سالہ فضل سلطان ولد اشرف خان ، 26 سالہ وسیم، 35 سالہ سید عبدل علی ، 40 سالہ رحمت اللہ ۔ فیصل ولد اقبال زخمی ہوگئے ۔