کورین ماں کی 68سال قبل بچھڑنے والے بیٹے سے ملاقات
پیانگ یانگ(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی کوریا کی 92 سالہ ماں سنگ چول کی 68 سال قبل جدا ہونے والے بیٹے لیز سے شمالی کوریا میں ملاقات ہوئی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ’جذبات سے لبریز‘ ملاقات کا اہتمام شمالی کوریا کے سیاحتی مرکز ’کوہ کُم گانگ‘ کے خوبصورت پہاڑوں کے درمیان ایک سیر گاہ میں کیا گیا۔ ماں بیٹا کوریا جنگ کے نتیجے میں شمالی اور جنوبی کوریا کی تقسیم کے باعث 68سال قبل جدا ہوگئے تھے۔ اُس وقت دکھی ماں کے 71سالہ بیٹے کی عمر محض 3 سال تھی۔سرحدوں کی تقسیم کے نتیجے میں ایک دوسرے سے جدا ہونے والے ماں بیٹے کی ملاقات کے وقت لیز اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ موجود تھے۔ لیز نے اپنی زندگی کی 68 بہاریں شمالی کوریا میں دیکھیں اور ایک بار بھی جنوبی کوریا میں موجود اپنی والدہ سے ملاقات نہ کرسکے۔سنگ چول اور لیز اُن 89خوش قسمت افراد میں سے ہیں جنہیں 57ہزار سے زائد خاندانوں میں سے اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے موقع فراہم کیا گیا۔ منقسم خاندانوں کی ملاقات کی منظوری شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کے صدر سے اپنی تاریخی ملاقات کے بعد دی تھی۔ اب بھی شمالی و جنوبی کوریا کے 56ہزار سے زائد خاندان سرحد کے اُس پار اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔