لوڈ شیڈنگ کے دوران گوشت ذخیرہ کرنے سے بیماریوں کا خدشہ
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) عید قرباں پر گوشت کو اسٹور کرنے کے حوالے سے بھی احتیاط ضروری ہے،گوشت کو زیادہ دن اسٹور کرنے سے بیماری پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوجاتاہے۔ ڈاکٹرز نے نقصانات سے آگاہ کر دیا ،شہری احتیاط کریں۔ ڈاکٹرز کے مطابق اکثر لوگ گوشت کو فریج یا ڈیپ فریزر میں اسٹور کر لیتے ہیں ،جبکہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ڈیپ فریزر یا فریج کا ٹمپریچر برقرار نہیں رہتا، جس کی وجہ سے گوشت خراب ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسے گوشت کا استعمال بھی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے ۔اس سے کئی قسم کی بیماریاں ہو سکتی ہیں۔ڈاکٹر نے ہدایت کی کہ گردوں کے امراض میں مبتلا مریض گوشت کا استعمال کم کریں ،کیونکہ گوشت کے میٹا بولزم کے بعد جو فاسد مادے خون میں اکٹھے ہو جاتے ہیں ،گردے ان کو جسم سے خارج نہیں کر سکتے اور وہ خون میں اکٹھے ہو کر بے شمار بیماریوں کا سبب بنتے ہیں اور گردوں کی حالت کو مزید خراب کر دیتے ہیں۔ جگر کی بیماریوں کے مریض خاص طور پر وہ مریض جن کا جگر سخت ہوگیا ہے یا سکڑگیا ہے انہیں گوشت سے پرہیز کرنی چاہئے۔ بلڈپریشر کے مریض عید قربان پر اس بات کو ضرور مدنظر رکھیں کہ زیادہ گوشت کا استعمال ان کیلئے نقصان دہ ہے۔ زیادہ گوشت کے استعمال اور کھانوں میں نمک کے استعمال سے بلڈ پریشر بہت زیادہ بڑھنے کا خطرہ ہوتا ہے،کلیجی، پھیپھڑے، گردے اور مغز یورک ایسڈ اور کلیسٹرول کو بڑھا دیتے ہیں ۔اس لئے بلڈپریشر کے مریضوں کو اس حوالے سے خصوصی احتیاط کرنی چاہئے اور اعتدال کے ساتھ قربانی کا گوشت استعمال کریں۔