لاڑکانہ – سکھر میں خونریز تصادم 3 جانیں نگل لیں
لاڑکانہ/ سکھر (نمائندگان) لاڑکانہ اور سکھر میں برادریوں کے درمیان خونریز تصادم 3 جانیں نگل گیا، جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے نوڈیرو کے قریب گاؤں آچر سدھایو میں ڈاہانی اور سدہایو برادری کے دو گروہوں میں دیرینہ دشمنی کے باعث تصادم ہوا دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان میہر سدھایو جاں بحق ہوگیا، متعلقہ پولیس نے لاش مدیجی اسپتال منتقل کردی تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ سدھایو اور ڈاھانی برادری میں جاری دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و حراس کا ماحول ہے دونوں گروہ مورچہ بند ہو چکے ہیں فائرنگ کے سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے دونوں گروہوں میں یہ خونریز تصادم کا سلسلہ گزشتہ 5سال سے جاری جس میں 15سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں جبکہ پولیس اور انتظامیہ ان قبائیلی تصادم کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے۔ دوسری جانب روہڑی کے قریب جھانگڑو تھانے کی حدود میں جاگیرانی برادری کے دو گروپوں میں تصادم سے دو افراد جاں بحق اور تین خواتین سمیت دس افراد زخمی ہوگئے، مرنے والوں کی لاشیں تعلقہ اسپتال روہڑی اور زخمیوں کو سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ جاگیرانی برادری کے دو گروپوں میں تصادم ہوا جس کی تفتیش کی جارہی ہے۔