فضائی کرایوں کو پر لگ گئے – 34 ہزار تک وصولی

0

کراچی ( رپورٹ : سید نبیل اختر )عیدالاضحی ٰپر پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنوں کے ٹکٹ بھی نایاب ہوگئے ۔عید کےپہلے روزیعنی آج بروز بدھ اسلام آباد اور دیگر شہروں کے لئے یک طرفہ کرایہ 34 ہزار روپے تک وصول کیا گیا ہے ۔زائد منافع خوری میں شاہین ایئر کی بندش بھی ایک وجہ بنی اور 12 سوسے ڈیڑھ ہزار مسافردیگر ایئر لائن دفاتر کے چکر لگاتے نظر آئے ۔ اہم ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے اور دیگر نے دبئی کے ریٹرن ٹکٹ کے برابر یک طرفہ ٹکٹ فروخت کرنا شروع کر دیئے ہیں ۔فضائی کمپنیاں سفری کرائے کو ایک خود کار نظام کے تحت مطالبے پر کم اور زیادہ کرتی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ عید الاضحٰی کے لئے ایجنٹوں نے کئی روز پہلے ہی ٹکٹ بک کر لئے تھے اور فضائی کمپنیوں کو ان ٹکٹس پر ادائیگیاں بھی کردی تھی ،تاکہ مطالبہ زیادہ ہونے پر مہنگے داموں ٹکٹ فروخت کئے جا سکیں ۔ 21 اگست کو علی الصبح ہی عید کے روز کے لئے ٹکٹ ملنا بند ہوگئے تھے ، معلوم ہوا کہ پی آئی اے کے بکنگ دفاتر پر ٹکٹ کی فروخت بند ہونے کے بعد شہریوں نے ٹریول ایجنٹس کا رخ کیا تو معلوم ہوا کہ وہاں ٹکٹ تو دستیاب تھے ،لیکن کراچی اور اسلام آباد کا یک طرفہ کرایہ 34 ہزار 200 روپے وصول کیا جا رہا تھا ۔پی آئی اے کی بکنگ ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے پر نمائندے نے بتایا کہ عید کے پہلے روز کسی بھی فلائٹ میں ٹکٹ دستیاب نہیں ۔ نمائندے کے مطابق عید کے دوسرے روز بھی کراچی اسلام آباد کا یک طرفہ کرایہ 32 ہزار 600 روپےلیا جارہا ہے ،جبکہ تینوں فلائٹوں میں محض 6 سے 7 ٹکٹ دستیاب مل سکتے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے مارکیٹنگ ڈپا رٹمنٹ نے ایجنٹوں سے ملی بھگت کر کے پہلے تمام سیٹیں ہولڈ کرلی تھیں اور بعد میں کچھ سیٹیں اوپن کر کے انہیں 20 سے 27 ہزار روپے تک میں فروخت کیا گیا۔پی آئی اے کے علاوہ ایئر بلیو اور سیرین ایئر کے ٹکٹ بھی ملنا بند ہوگئے ،جبکہ دونوں فضائی کمپنیوں کے پاس بزنس کلاس کی سہولت موجود نہ تھی ۔معلوم ہوا ہے کہ عید کے پہلے روز سیرین ایئر نے 33 ہزار 200 اور ایئر بلیو نے 34 ہزار روپے میں ٹکٹ فروخت کئے ہیں،جبکہ دوسرے روزبھی دونوں کمپنیوں نے ہر فلائٹ کے ٹکٹ 21 ہزارروپے میں فروخت کئے گئے ہیں ۔دوسری جانب کرایوں میں اضافہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ شاہین ایئر کی بندش قرار دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے 12 سو سے 15 سو مسافر دوسری فضائی کمپنیوں کے ٹکٹ کے حصول کے لئے پریشان ہورہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین ایئر کی بندش کی وجہ سے دیگر کمپنیوں کے نرخ میں ایک خود کار نظام کے تحت اضافہ ہوا جو قانونی طور پر درست قرار دیا جاتا ہے ۔مذکورہ معاملے پر پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹ کے نرخ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے ، ٹکٹ کی فروخت ڈیمانڈ کے تحت ہوتی ہے جو ایوی ایشن انڈسٹری میں ریوینیو منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے کم اور زیادہ کیا جاتا ہے ۔پی آئی اے نے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں کیا ، جس مسافر نے 6 ماہ قبل ٹکٹ خریدے انہیں سستے ٹکٹ فراہم کئے جس نے 3 ماہ قبل انہیں کم سستے اور جو ان دنوں ٹکٹ خرید رہے ہیں ریوینیو منیجمنٹ کے ذریعے انہیں مہنگے ٹکٹ ہے فروخت کئے جائیں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More