مانی کو پی ایس ایل کی ذمہ داری سونپنے پر پیٹرن انچیف تذبذب کا شکار

0

قیصر چوہان
آئی سی سی کے سابق سربراہ احسان مانی کو پی سی ایل کی ذمہ داری دینے پر پی سی بی پیٹرن انچیف و وزیراعظم عمران خان تذبذب کا شکار ہیں۔ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پی ایس ایل فور ایڈیشن کی ممکنہ ناکامی نامزد چیئرمین کے گلے پڑ سکتی ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق عمران خان نے الیکشن میں بھرپور تعاون کرنے پر ایک فرنچائزر کو سپر لیگ ٹھیکے پر دینے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ دوسری جانب آدھی لیگ پاکستان میں کرانا مشکل ہوگیا ہے، جس کی وجہ الیکشن کے دوران ہونے والے دھماکے ہیں۔ غیر ملکی کرکٹرز امارات تک ہی پی سی بی سے تعاون کیلئے تیار ہیں۔
نیشنل اکیڈمی لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نجم سیٹھی کے استعفے اور پی ایس ایل کے عہدے سے دستبرداری کے بعد آئندہ برس پی ایس ایل فور کی ناکامی کے خطرات منڈلانے لگ گئے ہیں۔ جبکہ نجم سیٹھی کے سب سے قریب تصور کی جانے والی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور پاکستان سپر لیگ کی پراجیکٹ ہیڈ نائلہ بھٹی نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ یوں احسان مانی کو ازسر نو پی ایس ایل کے نئے کمرشل رائٹس پر کام کرنا ہوگا۔ نائلہ بھٹی گزشتہ چار برسوں کے دوران بورڈ میں سب سے با اثر افسر تصور کی جاتی تھیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حکومت کی جانب سے نجم سیٹھی کو ورلڈ کپ تک پی سی بی میں مشروط طور پر کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔ انہیں بتایا گیا تھا کہ وہ نائلہ بھٹی اور عثمان واہلہ کے بغیر کام کریں، لیکن انہوں نے مشروط طور پر کام کرنے سے انکار کر دیا۔ ان دونوں افسران کو پی ایس ایل کی کامیابی کا ماسٹر مائنڈ کہا جاتا ہے۔ جبکہ نجم سیٹھی کے قریب سمجھے جانے والے ڈائر یکٹر میڈیا امجد بھٹی اور سنیئر جنرل منیجر عثمان واہلہ کو گھر جانا پڑے گا۔ ذاکر خان کی ڈائر یکٹر کی حیثیت سے پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں واپسی یقینی ہے۔ ذاکر خان دو سال سے او ایس ڈی تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ، بورڈ آف گورنرز کے رکن اعجاز عارف نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ اس طرح اب پی سی بی کے سر پرست اعلیٰ کی حیثیت سے عمران خان کو احسان مانی کے ساتھ ساتھ ایک اور نامزدگی کرنا ہوگی۔ اس وقت پی سی بی گورنرز بورڈ میں یو بی ایل کے منصور مسعود خان اور سیالکوٹ ریجن کی نشست بھی خالی ہے۔ جبکہ سوئی سدرن گیس کو مفتاح اسماعیل کی جگہ کسی اور کو نامزد کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد بورڈ میں مزید لوگ اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آخری دنوں میں نجم سیٹھی نے ملازمین سے ایک حلف نامے پر دستخط بھی کرائے جس میں کہا گیا تھا کہ بورڈ کے معاملات پر کسی بھی شخص سے بات نہ کریں،ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس خوف اور غیر یقینی کی فضا میں مجبور ہوکر وہ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرنے سے گریز کرتے رہے۔معلوم ہوا ہے کہ اسسٹنٹ منیجر عون زیدی بھی پی سی بی ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم میں موجود اپنا سامان واپس لے جا چکے۔ جبکہ عماد حمید چھٹیاں منانے تھائی لینڈ چلے گئے ہیں۔دوسری جانب ڈائریکٹرکرکٹ آپریشنز ہارون رشید، ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر خیام قیصر کی نوکریاں بھی خطرے میں ہیں،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا عہدہ تبدیل ہوسکتا ہے۔جس سے انتظامی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کا براہ راست اثر پی ایس ایل کے انعقاد پر پڑے گا۔ ان خدشات کے حوالے سے ذاکر خان نے عمران خان کو آگاہ کردیا ہے۔ ساتھ یہ بھی تجویز پیش کی گئی ہے کہ نامزد چیئرمین احسان مانی کو فی الحال پی ایس ایل کی ذمہ داری نہ دی جائے اور پی ایس ایل کا علحیدہ چیئرمین منتخب کیا جائے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس پوسٹ کیلئے ذاکر خان نے خود بھی اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ جبکہ دوسرے آپشن میں کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال موجود ہیں۔ جن کو عمران خان نے اپنے چینل میں حریف جماعت کے خلاف موثر مہم چلانے پر پی ایس ایل کا کنٹرول دینے کا وعدہ کیا تھا۔ چیئر مین پی ایس ایل کے عہدے کے حوالے سے عمران خان کی ملاقات کے دوران احسان مانی سے بات بھی ہوئی۔لیکن اس کا حتمی میکنزم تاحال سامنے نہیں آیا۔ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے احسان مانی کو پاکستانی کرکٹ میں بہتری کیلئے اپنے پلان سے آگاہ کیا۔عمران خان نے احسان مانی کو ہدایت کی ہے کہ پی سی بی کے تمام معاملات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور بورڈ کو بہتر انداز میں چلایا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فور کے آدھے میچز پاکستان میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس معاملے پر نجم سیٹھی اور ان کی ٹیم کی پیش قدمی جاری تھی۔ لیکن الیکشن کے دوران بنوں اور مستونگ میں ہونے والے بم بلاسٹ کی وجہ سے انگلش اور کیوی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔ بعض غیر ملکی کھلاڑیوں نے پی سی بی پر واضح کیا ہے کہ وہ اس بار امارات تک ہی تعاون کریں گے۔ دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر پی سی بی کے قائم مقام سربراہ بن گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت جب چیئرمین نہ ہو تو چیف الیکشن کمشنر اس کی جگہ سنبھال لیتا ہے۔ وزیر اعظم نے احسان مانی کو گورننگ بورڈ میں نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٭
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More