کنری کا بااثر خاندان قادیانیت سے تائب
کنری(نمائندہ امت) کنری کا بااثر خاندان قادیانیت سے تائب ہوگیا ،سابق امیر سیٹھ عبدالسمیع بھٹی کے صاحبزادے نے جمعہ اجتماع میں کلمہ پڑھا۔اس موقع پر مصور احمد بھٹی نے کہاکہ اسلام جبر سے نہیں پھیلا ۔ تفصیلات کے مطابق قادیانی جماعت سے تعلق رکھنے والی بااثر فیملی اور قادیانی جماعت کنری کے سابق امیر سیٹھ عبدالسمیع بھٹی کے صاحبزادے مصور احمد بھٹی ان کی اہلیہ اور تینوں بیٹوں مرزا احمد، جمال احمداور شاہد منیب نے قادیانیت سے تائب ہوکر نماز جمعہ کے اجتماع میں جامع محمدی مسجد اہل حدیث کنری میں اسلام قبول کرنے کا انکشاف اور اعلان کیا ۔فیملی کے سربراہ مصور احمد بھٹی نے بتایا کہ اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر اسلامی کتب کا مطالعہ کرنے کے بعد 2013میں میری دنیا بدل گئی شادی بھی مسلمانوں گھرانوں میں کرائی ،جبکہ گزشتہ پانچ برسوں سے میں نے اور میری فیملی نے قادیانی جماعت سے قطع تعلق کئے رکھا ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام جبر سے نہیں بلکہ پیارو محبت سے پھیلا دیگر قادیانی بھی صرف صراط مستقیم کا راستہ اختیار کرلیں تاکہ ان کی بھی دین و دنیا اورآخرت سنور جائے۔ قبل ازیں مسجد آنے پر نمازیوں نے نومسلموں کا شاندار استقبال کیا ان کو پھولوں کے ہار پہنائے مبارکباد دی اوراپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ نماز جمعہ کے بعد ان کیلئے استقامت کی دعا کی اور اس خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔