سیلانی ویلفیئر کے تحت ساڑھے 4ہزار قربانی کے جانور ذبح کئے گئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحی کے موقع پر اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا۔سیلانی کے تحت اس سال تقریبا 2000گائے اور 2500بکرے ذبح کئے گئے۔ اس موقع پر سیلانی ویلفیر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سرپرست علامہ مولانا محمد بشیر فاروقی کا کہنا تھا کہ حصہ داری کے گوشت کے تقسیم کے بعد یہ گوشت پاکستان کی ایسی آبادیوں میں تقسیم کیا گیا جن میں چند خاندان ایسے بھی ہیں جو سارا سال گوشت جیسی عظیم نعمت سے بھی محروم رہتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے ان ڈونرز حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ان لوگوں کا نہایت شکر گزارہوں جنھوں نے انسانیت کے بھلائی کے کاموں میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات سیلانی ویلفیئر کے لئے قابل فخر ہے کہ وہ ہر بار عوام کے بھروسے پر پورا اترتا ہوا آیا ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ اس سال پاکستان کے ساتھ ساتھ شام، روہنگیا، یمن، کینیا، اور صومالیہ میں بھی اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا، وہاں ہمارے قافلے موجود ہیں جنہوں نے اجتماعی قربانی کے تمام تر فرائض انجام دیے اور ان کا گوشت بھی روہنگیا کے مظلوم مسلمان جو اس وقت بنگلہ دیش اور شام کے مظلوم مسلمان جو اس وقت ترکی میں پناہ گزین ہیں ان کے ساتھ وہاں پر موجود دیگر غرباء میں بھی گوشت کی تقسیم کیا گیا۔