کیپٹن (ر) صفدر ۔حنیف عباسی کی کامیاب ہارٹ سرجری
راولپنڈی (امت نیوز)کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور حنیف عباسی کی کامیاب ہارٹ سرجری ہوگئی ، اسٹنٹس ڈال دیئے گئے ہیں،ڈاکٹروں نے فی الحال نگرانی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، واپس جیل بھیجنے کا فیصلہ دو سے تین روز میں کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور حنیف عباسی کی انجیو پلاسٹی راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہوئی۔ دونوں لیگی رہنماؤں کے دل کی شریانوں میں بلاکیج تھی۔ کامیاب آپریشن کے ذریعے اسٹنٹس ڈال دیئے گئے ہیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق، اُنہیں دو سے تین دن تک ڈاکٹرز کی نگرانی میں رکھا جائے گا جس کے بعد ان کی حالت دیکھ کر دوبارہ جیل منتقلی کا فیصلہ ہوگا۔حنیف عباسی ایفیڈرین کیس جبکہ کیپٹن صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں سزائے قید بھگت رہے ہیں۔ حنیف عباسی کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ اہلیہ اور بچوں کو ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی، جیل میں ملنا آسان تھا ہسپتال میں بہت مشکل بنادیا گیا، ڈاکٹروں کی طرف سے ملنے پر کوئی پابندی نہیں۔