ریاض(امت نیوز)سعودی عرب کی حکومت نے حجاج کرام کے تحفظ کو یقینی بنانے اور یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے بیلسٹک میزائل حملوں کے تناظر میں مکہ مکرمہ کے اطراف میزائل شکن پیٹریاٹ میزائل نصب کیے ہیں۔’العربیہ‘ کے مطابق مناسک حج کی تکمیل کے بعد حوثی باغیوں کی طرف سے مقامات مقدسہ کی طرف چار بیلسٹک میزائل داغے گئے تاہم سعودی عرب کے پیٹریاٹ میزائلوں نے انہیں فضا میں ہی تباہ کرد یا۔دریں اثنایمن میں ایک پناہ گزین کیمپ پر حملے میں 26افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 22بچے اور 4 خواتین شامل ہیں۔مغربی میڈیا کے مطابق عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ الحدیدہ سے 20کلومیٹر دور ایک پناہ گزین کیمپ پر حوثیوں نے میزائل داغا جبکہ حوثیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ہلاکتیں عرب اتحاد کے فضائی حملے سے ہوئیں۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔