کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی میں نامعلوم ملزمان نے موٹر سائیکل پر جانے والے 3 افراد پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔مقتولین اور زخمی کا تعلق اہلسنت و الجماعت سے تھا۔ پولیس نے واقعہ کو ڈکیتی مزاحمت قرار دیدیا۔آئی جی نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز نیو کراچی کے علاقے یوپی موڑ کے قریب ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔ نامعلوم ملزمان ان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں تینوں شدید زخمی ہوگئے۔ ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ نے بتایا کہ اسپتال میں دوران علاج 2 افراد نے دم توڑ دیا، جن کی اسپتال میں شناخت 38 سالہ محمد سلیم ولد اللہ بچایا ، 40 سالہ محمد ارشد ولد خادم کے نام سے ہوئی ، جبکہ زخمی کی شناخت 25 سالہ اعظم ولد شبیر کے نام سے ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے دوست اور خواجہ اجمیر نگری کے علاقے میں رہائش پذیر تھے۔ان کا آبائی تعلق بہاولپور سے تھا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ ہے اور مقتولین و زخمی کا کسی تنظیم سے تعلق نہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے چھ خول اپنی تحویل میں لے کر فارنسک لیب بھجوا دیے ہیں۔دوسری جانب اہلسنت والجماعت کے ترجمان نے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق اہلسنت والجماعت کے خواجہ اجمیر نگری یونٹ سے تھا اور وہ جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے لیے ناگن چورنگی پر واقع مرکز اہلسنت صدیق اکبر مسجد گئے تھے۔نماز کے بعد وہ گھر جارہے تھے کہ مذکورہ مقام پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے جاں بحق کردیا۔دریں اثنا آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔دریں اثنا مقتولین کی نماز جنازہ علامہ اورنگزیب فاروقی کی امامت میں ادا کی گئی،جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت ک۔ بعدازاں لاشیں تدفین کے لیے آبائی علاقے بہاولپور بھجوادی گئیں۔