ایشین گیمز میں پاکستانی کراٹے کاز نرگس نے کانسی کا تمغہ جیت لیا
جکارتہ(امت نیوز) انڈونیشیا میں جاری 18 ویں ایشین گیمز میں پاکستانی کراٹےکاز نرگس نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ گیمز میں پاکستان کا یہ دوسرا کانسی کا تمغہ ہے، اس سے قبل قومی کبڈی ٹیم نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔19 سالہ نرگس نے تمغہ 68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری میں حاصل کیا۔ نرگس نے گذشتہ سال کولمبو میں ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ کانسی کے تمغے کیلئے کھیلے گئے میچ میں نرگس نے نیپال کی کارکی ریتا کو 1-3 سے شکست دی۔ قبل ازیں نرگس کو سیمی فائنل میں چین کی گاؤ مینگمینگ سے 0-8 سے شکست ہوئی تھی۔ سونے کا تمغہ جاپان کی اوئیکوسا ایومی نے چین کی گاؤ مینگمینگ کو زیر کرکے حاصل کیا جبکہ کانسی کا دوسرا تمغہ ایران کی حمیدہ عباس علی نے حاصل کیا۔ واضح رہے کہ ایشین گیمز میں چین اب تک 71طلائی اور مجموعی طور پر149تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ جاپان108تمغوں کیساتھ دوسرے اور جنوبی کوریا82کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ میزبان انڈونیشیا اب تک38تمغے حاصل کرکے 5 ویں نمبر پر ہے۔