نوری آباد- شکار پور- عمر کوٹ- لاڑکانہ میں 4 افراد قتل
نوری آباد/ عمر کوٹ/ شکار پور/ ڈہرکی (نمائندگان) نوری آباد، شکار پور، عمر کوٹ میں 3 افراد کو قتل اور ڈہرکی میں 3 کو زخمی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نوری آباد انڈسٹریل ایریا میں ندیم ٹیکسٹائل کے قریب مارکیٹ کے چوکیدار 35 سالہ صادق علی ولد محمد قاسم کو سر پر وزنی چیز مار کر قتل کر دیا گیا۔ ملزمان لاش تندور میں پھینک کر فرار ہو گئے، مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں ہے۔ ادھر عمر کوٹ میں بودر فارم کے قریب نوجوان کیلاش کوہلی کو گلا کاٹ کر مار دیا گیا، جس کی لاش قریبی کھیتوں سے ملی ہے۔ ورثا نے واردات کیخلاف لاش اللہ والا چوک پر رکھ کر دھرنا دیا۔ اور ٹائر جلا کر میر پور خاص شاہراہ 3 گھنٹے بلاک رکھی۔ ورثا کا کہنا تھا کہ مقتول قرضے کی رقم وصولی کیلئے قریبی گاؤں گیا تھا، جسے قتل کر دیا گیا۔ آنجہانی میڈیکل ڈسپنسر تھا۔ اور ایک نجی اسپتال بھی کھول رکھا تھا۔ دریں اثنا شکار پور کے قریب نیو آباد تھانے کی حدود کچے کے علاقے گوٹھ فقیر جونیجو میں گزشتہ روز جونیجو برادری کے دو گروہوں میں کاروکاری کی پرانی دشمنی کے باعث رسول بخش جونیجو نے فائرنگ کرکے امام الدین جونیجو کو مار ڈالا اور موقع سے فرار ہوگیا ، اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش مدیجی اسپتال میں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی ، لاش گاؤں پہنچی تو کہرام مچ گیا اور پرانی دشمنی کی لہر پھر تازہ ہو گئی۔ مزید خونریزی کا خدشہ ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ چند سا ل قبل رسول بخش جونیجو نے کاروکاری کا الزام مقتول کے بھائی دھنی بخش پر لگایا تھا جو کہ آج تک فرار ہے بدلہ چکانے کے لیے کارو کے بھائی امام الدین جونیجو کو قتل کردیاگیا، مقدمات درج نہیں ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں ڈہرکی کے قریب گاؤں ولی محمدکورائی میں سیاہ کاری کے تنازعہ پرکورائی برادری کے دوگروپوں میں تصادم، ہوگیا لاٹھاں اور کلہاڑیاں لگنے سے دونوں گروپوں کے الطاف حسین کورائی، عابد کورائی اورگل حسن کورائی شدید زخمی ہوگئے۔ جنہیں تشویشناک حالت میں مقامی اسپتال سے ابتدائی طبی امداد دیکر بہترعلاج کیلئے رحیم یارخان منتقل کردیا گیا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا عمل شروع کردیا ہے۔ ادھر لاڑکانہ کے علاقے نوڈیرو شہر سے ملحقہ گاو¿ں پیر گوٹھ کا مکین نوجواں آفاق سیال کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کر دیا اہل محلہ کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے نوڈیرو ہسپتال منتقل کردی واقعے کے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ آفاق سیال کی موت چھرے پر سرہانے سے دبا کر دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے آفاق کے اہل خانہ سیوھن درگاہ پر زیارت کے لیے گئے ہوئے تھے آفاق گھر میں اکیلا تھا۔ مقتول کے دادا ممتاز علی کا کہنا ہے کہ انکی کسی سے کوئی دشمنی نہیں۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری ہوئی۔