آرٹی ایس نظام کی ناکامی پر چئیر مین نادرا معطل کرنے کی سفارش

0

اسلام آباد(امت نیوز)تحریک انصاف کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر اعظم سواتی نےعام انتخابات کے موقع پر آرٹی ایس نظام کی ناکامی پر اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے ، جس میں چیئرمین نادرا کی معطلی کی سفارش کی گئی ہے ۔ عام انتخابات کے بعد تحریک انصاف نے سینیٹر اعظم سواتی کی سربراہی میں آر ٹی ایس کی ناکامی کا جائزہ لینے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کی تھی ۔پی ٹی آئی کے سینٹرل میڈیا ڈپارٹمنٹ کے جاری اعلامیے کے مطابق ہفتہ کو سینیٹر اعظم سواتی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جو ایک گھنٹہ تک جاری رہی ۔ ملاقات میں انہوں نے25جولائی کو عام انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن کے آر ٹی ایس نظام کی ناکامی کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے ۔ رپورٹ میں وزیر اعظم سے چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادرا ) عثمان مبین کو معطل کر نے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نادرا کی موجودگی میں آرٹی ایس نظام کی ناکامی کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے سینیٹر اعظم سواتی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ رپورٹ کو منظر عام پر لانے سے قبل فارنسک ماہرین سے مشاورت بھی کر لیں ۔ اطلاعات کے مطابق ملاقات کے دوران اعظم سواتی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ہزاروں افراد سیاسی بنیادوں پر بھرتی کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم کو وزارت میں بڑے پیمانے پر گھپلوں اور قواعد کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں وزارت کے اعلیٰ حکام کے خلاف مبینہ شواہد بھی پیش کئے۔پی ٹی آئی کی جانب سے سینیٹر اعظم سواتی آر ٹی ایس نظام کی ناکامی کے معاملے پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس بھی جمع کراچکے ہیں۔توجہ دلاؤ نوٹس میں آرٹی ایس کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین کر نے اور نتائج کے ترسیلی نظام کی ناکامی کے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More