محمودآباد – چنیسر گوٹھ – نرسری میں آلائشوں سے تعفن پھیلنے لگا

0

کراچی (رپورٹ : اقبال اعوان)عید الضحیٰ پربلدیہ شرقی کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ۔بلدیہ انتظامیہ 4روز میں بھی علاقے سے آلائشیں نہیں اٹھاسکی۔محمودآباد ،چنیسر گوٹھ ،نرسری ودیگر علاقوں میں آلائشیں سڑک کنارے پڑ ی ہیں اور ان سے تعفن پھیل رہا ہے۔ممکنہ تیز بارشوں سے صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے ۔ ’’امت‘‘ سروے کے دوران دیکھا گیا کہ بلدیہ شرقی کے علاقے چنیسر گوٹھ ریلوے اسٹیشن سے عمر کالونی تک ریلوے ٹریک کے ساتھ جہاں لنک نالہ گذر رہا ہے، وہاں آلائشیں کچرے پر ڈال دی گئی ہیں، نالے کی صفائی کے دوران نکالے گئے کچرے کے علاوہ چند روز کے دوران اٹھایا جانے والا کچرا بھی تاحال پڑاہوا ہے ۔ جانوروں کی سریاں ، اوجھڑی اور دیگر اشیاء ڈال دی گئی ہیں جن سے شدید تعفن اٹھ رہا ہے۔ پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک6 کے مکین اس صورتحال سے شدید پریشان ہیں ممکنہ تیز بارش کی صورت میں سڑک اور اطراف میں موجود کچرا گھروں کے آگے جمع ہونے کا اندیشہ ہے ۔علاقہ مکین حیدر علی نے کہا کہ بار بار فون پر شکایت درج کرانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ سندھی مسلم ہاؤسنگ سوسائٹی میں بھی ایسی ہی صورت حال دیکھنے میں آئی ۔ دونوں پوش علاقوں کی سڑکوں پر تاحال آلائشیں پڑی ہیں جبکہ دوسرے علاقوں سے بھی لا کر ادھر ڈالی جا رہی ہیں۔ محمود آباد گیٹ سے لیاقت اشرف کالونی اور منظور کالونی تک مین سڑک پر آلائشیں پڑی تھیں، علاقہ مکین افضل نے بتایا کہ ہمارا علاقہ صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا انتخابی حلقہ ہے اوروہ کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں آلائشیں ٹھکانے لگانے کے حوالے سےاپنے محکمے کی تعریف کر رہے ہیں مگر انہیں اپنے انتخابی حلقےکا دورہ کر کے صورت حا ل دیکھنا چاہئے ۔ انہیں بلدیہ شرقی کی کارکردگی نظر آجائے گی۔شہاب الدین کا کہنا تھا کہ محمود آباد کی مین سڑک پر آلائشوں کے ڈھیرپڑے ہیں، اندر گلیوں میں گٹر ابل رہے ہیں۔ سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہو رہا ہے۔ جاوید اقبال نے کہا کہ دکاندار اور علاقہ مکین شدید پریشان ہیں۔ فون کرتے ہیں تو آلائشوں کے حوالے سے دیا گیا نمبر بند جا رہا ہے۔ اگر ان حالات میں تیز بارش ہو گئی تو کیا ہو گا۔ محمود آباد میں تھانہ ٹیپو سلطان سے متصل نالے کے اطراف کی سڑکوں پر آلائشوں کے ڈھیر لگے تھے تاہم راہگیر بھی شدید تعفن سے پریشان ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More