کراچی(اسٹاف رپورٹر)پنجاب میں اجتماعی قربانی کرنے والے مدارس کو بھی پولیس نے ہدف بنالیا اور ان کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جا رہے ہیں ۔سی ٹی ڈی پولیس ملتان نے بہاولپور کے مدارس پر کارروائی کے دوران کھالیں اٹھالیں ، جب کہ اٹھائے گئے اساتذہ کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔ وفاق المدارس اور تنظیم المدارس کے مدارس کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ضلع ملتان کے تھانہ سی ٹی ڈی نے مدرسہ سیدنا سعد بن زرارہ بہاولپور میں چھاپہ مار کر اجتماعی قربانی کی 206 کھالیں اور ایک گاڑی ضبط کر لی ،جبکہ 2 اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا ۔ایف آئی آر میں مدرسہ کے اساتذہ مولانا شعیب اور مولانا انیس الرحمن فاروقی پر الزام لگایا گیا کہ ان کا تعلق کالعدم سپاہ صحابہ سے ہے اور ان کی جیب سے اہلسنت والجماعت کے اسٹیکر بھی برآمد ہوئے ۔مدرسہ انتظامیہ کے مطابق ا مدرسہ میں اجتماعی قربانی ہو رہی تھی ،جہاں اجتماعی قربانی کی کھالیں بھی پڑی تھیں ،جو سی ٹی ڈی پولیس اٹھا کر لے گئی اور کہا جارہا ہے کہ مذکورہ کھالیں جمع کی گئی ہیں ،جبکہ اساتذہ سے اسٹکرز برآمد کرنے کا مضحکہ خیز دعویٰ بھی کیا جارہا ہے ۔ وفاق المدارس کے صوبائی مسؤل مولانا زبیر صدیقی نے بتایا کہ سی ٹی ڈی حکام مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں ۔ مدرسہ سعد بن زرارہ میں اجتماعی قربانی کے دوران چھاپہ مارا گیا ۔پولیس کیمرے ،کمپیوٹر اور ریکارڈ اٹھا کر لے گئی ہے ،جبکہ مدرسہ کا تعلق کالعدم سپاہ صحابہ سے جوڑا جارہا ہے ۔حالانکہ مدرسہ کے مہتمم وفاق المدارس کے ضلعی مسئول اور جے یوآئی کے صوبائی جنرل سیکر یٹری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی زیادتی بہاول پور ڈویژن کے سب سے بڑے دینی ادارے جامعہ مدنیہ بہاول پور سمیت دیگر مدارس کے ساتھ بھی کی گئی ہے ۔اب ایف آئی آر درج کرکے دہشت گردی کی دفعات شامل کی جارہی ہیں ،جبکہ تنظیم المدارس سے ملحقہ بریلوی مکتب فکرکے مدارس کے خلاف بھی اسی نوعیت کے مقدمات کئے گئے ہیں ۔ رانا ٹاؤن حاصل پور میں واقع جامعہ الفردوس کے مہتمم مولانا بشیر احمد فردوسی نے کہا کہ حاصل پور پولیس بلا وجہ مدرسہ میں گھس آئی اور مجھے ساتھ لے گئی اور مقدمہ درج کر لیا ،تاہم میں نے ضمانت کرا لی اور اب تنظیم المدارس کے رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کل اجلاس طلب کیا گیا ہے ،جس میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر اگر ایف آئی آر واپس نہ لی گئی تو جمعرات کو احتجاجی ریلی نکالیں گے۔ واضح رہے کہ پرانا حاصل پور میں واقع مدرسہ انوار مدینہ میں بھی اسی طرح کی کارروائی کرکے مہتمم مدرسہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔