لندن کی کانگریس کانفرنس میں خالصتان کے نعرے

0

لندن(امت نیوز) برطانیہ میں کانگریس پارٹی کے صدر راہول گاندھی کی کانفرنس میں علیحدگی پسند خالصتان تحریک کے حامیوں نے ’خالصتان زندہ باد‘ کے نعرے لگادیئے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے صدر راہول گاندھی کے آخری اجلاس سے خطاب سے قبل خالصتان تحریک کے 3 حامیوں نے کانفرنس میں گھسنے کی کوشش کی تاہم راہول کی آمد سے قبل ہی اسکاٹ لینڈ یارڈ نے انہیں باہر نکال دیا تھا۔مذکورہ واقعہ لندن کے مغربی علاقے میں انڈین اوورسیز کانگریس یو کے کی میگا کانفرنس کے طے شدہ مقام پر گزشتہ شام پیش آیا۔ اس موقع پر خالصتان تحریک کے حامیوں نے ’ خالصتان زندہ باد ‘ کے نعرے لگائے جس کے جواب میں کانفرنس کے سیکڑوں شرکا نے ’ کانگریس پارٹی زندہ باد’ کے نعرے لگائے۔راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں 1984 میں سکھ مخالف فسادات کو المناک قرار دیا اور کہا کہ وہ کسی کے خلاف بھی تشدد میں ملوث افراد کو سخت سزاؤں کے 100فیصد حامی ہیں۔واضح رہے کہ اس وقت مرکز میں کانگریس کی حکومت تھی۔جب راہول کی دادی اندرا گاندھی کی اپنے سکھ محافظ کے ہاتھوں قتل کے بعد فسادات میں ہزاروں سکھ مارے گئے تھے۔بعد ازاں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک سٹڈیز کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مودی دور حکومت میں بھارت کمزور ہوگیا،ملک کی سوا ارب سے زیادہ آبادی میں تفریق نہیں کی جانی چاہئے۔ خیال رہے کہ بھارتی ریاست پنجاب میں ببر خالصہ، پھندران والا ٹائیگر فورس آف خالصتان، خالصتان کمانڈو فورس، خالصتان زندہ باد فورس، دیش میش رجمنٹ اور خالصتان لبریشن فورس سمیت کئی تنظیمیں آزاد ریاست کے لیے جدو جہد کر رہی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More