ایشیا کپ کے لئے کرکٹرز فوجی ٹریننگ دی جائے گی

0

قیصر چوہان
ایشیا کپ کیلئے قومی کرکٹرز کو فوجی ٹریننگ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے غیر ملکی لیگز میں مصروف کھلاڑیوں کو بھی فوری طور پر آرمی فزیکل اکیڈمی کاکول پہنچنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ چار روزہ کمانڈو ٹریننگ کا آغاز کل سے ہوگا۔ جس کیلئے 26 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔ فزیکل کیمپ کے بعد نیٹ پریکٹس نیشنل اکیڈمی لاہور میں ہوگی۔ جبکہ ایشیا کپ کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان 5 ستمبر کو کیا جائے گا۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ٹیم انتظامیہ نے ایشیا کپ میں طاقتور ٹیم کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کو کمانڈو طرز کی ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں بوٹ کیمپ کیلئے اعلان کردہ 26 کھلاڑیوں کو ایبٹ آباد کے آرمی اسکول آف فزیکل اینڈ ٹریننگ (اے ایس پی ٹی) میں چار روز تک فوجی ٹریننگ دی جائے گی۔ فٹنس کیمپ کیلئے 26 پلیئرز کو طلب کیا گیا ہے۔ سی پی ایل میں مصروف کھلاڑی شعیب ملک اور عماد وسیم بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد اصغر، محمد عامر، عثمان شنواری، محمد نواز، حارث سہیل، محمد حفیظ، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان، صاحبزادہ فرحان، شان مسعود، عثمان صلاح الدین، اسد شفیق، بلال آصف، راحت علی اور میر حمزہ شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کھلاڑیوں کو پُر فضا مقام پر سخت ٹریننگ کیلئے بھیجا جارہا ہے، جہاں فوجی ٹرینر ان کھلاڑیوں کی معاونت کریں گے۔ پٹھوں کو فولادی بنانے کیلئے کھلاڑیوں کو دن میں دو بار اونچی چوٹیاں سر کرنی ہوں گی۔ جبکہ فجر کی نماز کے بعد خالی پیٹ کم از کم پانچ کلو میٹر کی دوڑ لگانی ہوگی۔ اس کے بعد پری ڈائٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔ جہاں کھلاڑیوں کی تواضع ایک گلاس ایپل جوس سے کی جائے گی۔ پری ڈائٹ کے بعد کھلاڑیوں کو ایک مرتبہ پھردوڑ اور پش اپس جیسی مشقیں کرائی جائیں گی۔ ایک گھنٹے کے وقفے کے بعد کھلاڑیوں کو موائے تھائی طرز کی ٹریننگ دی جائے گی۔ جس کا مقصد کھلاڑیوں کے پٹھوں کو لچک دار اور پھرتیلا بنانا ہے۔ نماز ظہر کے بعد پوسٹ ڈائٹ کا اہمتام کیا جائے گا۔ اس کے بعد ایک مرتبہ پھر کھلاڑیوں کو دوڑایا جائے گا۔ جبکہ شام کے وقت جم باڈی بلڈنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق یہ سلسلہ چار روز تک جاری رہے گا، اور ساتھ ہی کھلاڑیوں کی فٹنس رپورٹ بھی تیار کی جائے گی۔ ممکنہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس پر خاص توجہ مرکوز رکھتے ہوئے ڈیٹا تیار کیا جائے گا۔ آئندہ برس ورلڈ کپ کا انعقاد انگلینڈ میں ہونے کی وجہ سے زیادہ پیسرز کا انتخاب کرکے اچھا بیک اپ بھی تیار کیا جائے گا۔ محمد عامر اور حسن علی کو روٹیشن پالیسی کے تحت میدان میں اتارنے کا ارادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایبٹ آباد کے آرمی اسکول آف فزیکل اینڈ ٹریننگ (اے ایس پی ٹی) میں کھلاڑی آج جمع ہونا شروع ہو جائیں گے۔ جبکہ تربیت کا باقاعدہ آغاز کل سے ہوگا۔ آل راونڈر شعیب ملک بھی آج کیریبین پریمئیر لیگ چھوڑ کر وطن واپس آرہے ہیں۔ وہ ایشیا کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کل (منگل) سے کاکول میں ہونے والے کیمپ میں شرکت کریں گے۔ شعیب ملک نے سی پی ایل میں گیانا ایمیزون وارئیرز کی قیادت کی ہے۔ شعیب ملک نے سی پی ایل میں سینٹ لوشیا اسٹارز کے خلاف آخری میچ کھیلا تھا۔ عماد وسیم کو بھی ویسٹ انڈیز سے وطن واپس طلب کیا جا چکا ہے۔ توقع ہے کہ اگر عماد وسیم نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا تو انہیں محمد نواز کی جگہ پاکستان ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ جبکہ یاسر شاہ ون ڈے ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کاکول کیمپ کے اختتام کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تین روزہ نیٹ پریکٹس کا اہتمام کیا جائے گا۔ جس کے بعد حتمی ٹیم کا اعلان ہوگا۔ 15 رکنی متوقع ٹیم میں سرفراز احمد، شیعب ملک، بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، فہیم اشرف، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر، عثمان شنواری، حارث سہیل، آصف علی، شاہین آفریدی اور عثمان صلاح الدین شامل ہو سکتے ہیں۔ قومی ٹیم 12 ستمبر کو دبئی روانہ ہوگی۔ خیال رہے کہ ایشیا کپ یو اے ای میں 15 سے 28 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ جبکہ روایتی حریف بھارت اور پاکستان کا جوڑ 19 ستمبر کو پڑے گا۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More