آزاد کشمیر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کےتصادم میں متعدد زخمی
مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد کشمیر میں ریلی کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کےتصادم میں اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نکیال کے علاقے میں ” ویلکم عمران خان” ریلی شرکا کو پراوا چوک میں جلسہ گاہ جانے سے روکنے پر کھلاڑیوں نے مزاحمت شروع کردی اور نوبت ہاتھا پائی تک جاپہنچی، جس کے نتیجے میں اہلکاروں سمیت درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دفعہ 144کے باعث ریلی شرکا کو پراوا چوک میں جلسہ کرنے سے روکا، جس پر سیاسی جماعت کے کارکن مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کردیا، جس سے 5اہلکار شدید زخمی ہوگئے، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس شیلنگ بھی کی گئی، تاہم اہلکار کم ہونے کےباعث حالات بدستور کشیدہ ہیں، اس لئے مزید نفری طلب کرلی گئی۔