وزیراعظم عمران خان سے اہم امور پر آرمی چیف کی ملاقات
اسلام آباد(امت نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی اور انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس میں قومی سلامتی کی صورتحال سمیت اہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ خطےمیں امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔خیال رہے کہ تحریک انصاف کے الیکشن جیتنے، نئی حکومت بننے اور عمران خان کے بطور وزیر اعظم حلف اٹھانے کے بعد دونوں اہم ترین شخصیات کی یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔آرمی چیف فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئے ہوئے تھے ۔دریں اثنا آرمی چیف نے آنجہانی امریکی سینیٹر جان میکن کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے بھی دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آرکے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے مطابق جنرل قمر باجوہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ جان میکن پاکستان کے دوست تھے اور دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کیلئے کام کرتے رہے۔