شرجیل میمن کو نجی اسپتال میں سیکورٹی پر جیل انتظامیہ کے تحفظات

0

کراچی(رپورٹ:نواز بھٹو)کرپشن کیس میں گرفتار پی پی رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کو نجی اسپتال میں سیکورٹی کی فراہمی پر سینٹرل جیل کراچی کی انتظامیہ نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔محکمہ داخلہ اور ایس ایس پی کو لکھے گئے خط میں جیل عملے کی کمی اور جدید اسلحہ و و تربیت نہ ہونے کا عذر پیش کرتے ہوئے شرجیل کی سیکورٹی کا انتظام سندھ پولیس کو کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی اسپتال کے وی آئی پی کمرے میں زیر علاج 5 ارب 76 کروڑ روپے کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کو سیکورٹی فراہم کرنے پر سینٹرل جیل کراچی کی انتظامیہ نے تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کے شعبہ جیل خانہ جات اور ایس ایس پی جیل کو بھیجے گئے خط میں جیل سپرنٹنڈنٹ کراچی نے کہا ہے کہ کسی زیر سماعت قیدی کو طویل عرصہ تک جیل سے باہر سیکورٹی فراہم کرنا جیل انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔امن و امان کی صورتحال، جیل عملے و اسلحہ کی کمی اور جدید تربیت نہ ہونے کی وجہ سے شرجیل میمن کی سیکورٹی کے انتظامات نہیں سنبھالے جاسکتے ۔ خط میں سفارش کی گئی ہے محکمہ داخلہ کی طرف سے اسپتال کے جس وی آئی پی کمرے کو سب جیل قرار دیا گیا ہے ۔اس کے اور اسپتال کے باہر تعیناتی کے لئے ڈی ایس پی اور سب انسپکڑ کی سربراہی میں پولیس اسکواڈ تشکیل دیا جائے ۔شرجیل میمن کی سیکورٹی کے انتظامات سندھ پولیس کے سپرد کئے جائیں۔انہیں احتساب عدالت پیش کرنے کا فرض کورٹ پولیس کا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور کسی بھی قیدی کی حفاظت کے حوالے سے قوائد و ضوابط کی بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More