پولیس اہلکار دوست کے ہاتھوں قتل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گل احمد چورنگی پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب آپسی جھگڑے کے دوران ملزم نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ قائد آباد تھانے کی حدود گل احمد چورنگی کے قریب پولیس اہلکار احمد علی ولد مشال خان اپنے دوست رحمان باچا کے ساتھ بیٹھا باتیں کررہا تھا کہ اسی دوران ان دونوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوگیا اور ملزم رحمان باچا نے گھر سے پستول لا کر پولیس اہلکار احمد علی پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگیا ، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے احمد علی چل بسا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نمبر 284/14ملزم رحمان باچا کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت درج کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے گرفتار ہونے کے بعد ہی جھگڑے کی وجہ معلوم ہوگی۔آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے ایس ایس پی ملیر سے واقعہ کی تفصیلات اور رپورٹ طلب کرلی ہے۔