13 گھنٹے بجلی بند رکھنے پر کے الیکٹرک کیخلاف لیاری میں دھرنا

0

کراچی(رپورٹ:زاہد گلاب)کے الیکٹرک نے نئے میٹرز کی تنصیب روکنے پرلیاری میں پی ایم ٹی بند کردی،13گھنٹے بجلی بندش سے تنگ مکینوں نے شیرشاہ روڈ بلاک کردیا۔ ایم پی کی مداخلت پر بجلی بحال کرنے کے بعداحتجاج ختم ہوا۔تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے گلستان کالونی میں کے الیکٹرک انتظامیہ اے بی سی کیبل اور نئے میٹرز لگانے میں مصروف تھی کہ علاقہ مکینوں نے کے الیکٹرک حکام کو نئے میڑ لگانےسے روک دیا اور موقف اختیار کیا کہ یہ نئے میٹرز یوپی ایس اور جنریٹر کے استعمال پر بھی چلتے رہتے ہیں، جس پرکے الیکٹرک انتظامیہ نےعلاقے کی پی ایم ٹی ہی بند کردی اور 13گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی، جس پر علاقہ مکینوں نے شیرشاہ روڈ بند کرکے احتجاج کیا۔اس دوران رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید نے علاقہ مکینوں سے احتجاج کی وجہ معلوم کی اور کے الیکٹرک سے رابطہ کرکے فوری طور پر بجلی بحال کرنے کا کہا۔رکن اسمبلی نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ بلیک میلنگ سے وہ اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتے۔کے الیکٹرک کو مکینوں کے مطالبے پر نظرثانی کرکےدرست میٹرز لگائےتاکہ لوگوں کو اتنا ہی بل بھیجا جائے جتنی وہ بجلی استعمال کررہے ہوں۔کے الیکٹرک حکام نے رکن اسمبلی کی مداخلت پر متاثرہ علاقے کی بجلی بحال کردی جس پر علاقہ مکینوں نے ایم ایم اے اور عبدالرشید کے حق میں نعرے لگائے ۔ اس موقع پرنومنتخب ایم پی اے عبدالرشید کا کہنا تھا کہ مذکورہ میٹر کی وجہ سے لیاری کے عوام پہلے ہی اووربلنگ کے جال میں پھنسے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک حکام کو کہا ہے کہ وہ نئے میٹر کی تنصیب کیلئےمکینوں کو اعتماد میں لیں۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاری میں سیوریج کی بد ترین صورت حال سے تنگ مکینوں نے واٹر بورڈ کیخلاف احتجاج کیا جس کے سبب علاقے میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق یوسی نمبر 14 لیاری کے رہائشیوں نے سیوریج کی بدترین صورتحال پر چیل چوک پر واٹر بورڈ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا شرکا میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت مقامی پی پی رہنما حاجی عمر نے کی۔ شرکا نے واٹر بورڈ کیخلاف بینر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جن پر ” لیاری میں سیوریج کا مسئلہ کب حل ہوگا ؟ جمیلہ، چاکیواڑہ، میراں ناکہ اور دیگر پمپنگ اسٹیشنز کا نظام کب درست ہوگا؟ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے کرپٹ افسران کو معطل کیا جائے۔ ڈی ایم سی جنوبی اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں۔ لیاری کے عوام کو سیوریج کی تباہ کاریوں سے نجات دلائی جائے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ مردہ باد کے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر حاجی عمر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے لیاری کے عوام کو فراہمی اور نکاسی آب کے مسائل بھگت رہے ہیں، جس کی ذمہ دار واٹر بورڈ اور ڈی ایم سی جنوبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج کا پانی لیاری کے شاہراہوں سڑکوں اور گلیوں کیساتھ ساتھ یوسی 14شیروک لین، صادر برلین، نوالین، سندھی پاڑہ، نبی داد لین، حاجی جمعہ پاڑہ، گبول روڈ، عبدالخالق روڈ اور گبول پارک کے اردگرد کے علاقے کے گھروں میں داخل ہوچکا ہے، جس کا کوئی پرسان حال نہیں، علاقے کے بلدیاتی چیئرمین ، وائس چیئرمین اور کونسلرز سے شکایت کی جاتی ہے تو وہ اپنی بے بسی کا رونا روتے ہیں کہ واٹر بورڈ انکی شکایت سننے کو تیار نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام سڑکوں پر نکل آئیں اور سیوریج بورڈ کے خلاف احتجاج کریں انہوں نے کہا کہ وہ مجبور ہوکر سڑکوں پر نکل آئے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More