چائنا کٹنگ – غیر قانونی بھرتیوں – کرپشن کے 20 مقدمات بند

0

کراچی (رپورٹ: صفدر بٹ) سندھ حکومت نے کراچی میں چائنہ کٹنگ، جعلسازی، غیر قانونی بھرتیوں اور ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے 20 مقدمات بند کرنے کی منظوری دیدی ۔ جس کے بعد اینٹی کرپشن نے محکمہ بلدیات میں کرپشن سے متعلق اہم مقدمات کی تحقیقات روک دی ہے، جبکہ نگران حکومت بھی جاتے جاتے ارباب رحیم اور سینیٹر راحیلہ گل مگسی کیخلاف مقدمے بند کرنے کی منظوری دے گئی۔ اینٹی کرپشن حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ مقدمات اینٹی کرپشن کمیٹی ون کی منظوری سے ختم کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی پی کی نو منتخب حکومت نے آتے ہی چائنہ کٹنگ، غیر قانونی بھرتیوں اور ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن میں ملوث افراد کو تحفظ دینا شروع کر دیا اور محکمہ بلدیات کے 20کرپشن مقدمات بند کر نے کی منظوری دے دی، جس کے بعد محکمہ بلدیات کے کرپٹ افسران کیخلاف زیر تفتیش اور تفتیش شدہ اہم کرپشن مقدمات بند کر دئیے گئے ہیں۔ یہ انکشاف چیف سیکریٹری کی زیر صدارت اینٹی کرپشن کمیٹی ون کے اجلاس سے متعلق جاری منٹس میں کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مزید اہم مقدمات بھی بند کر دئیے ہیں، جن میں کے ڈی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شاہد ولی، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ اورنگی ٹاؤن عبدالعزیز ، بلدیہ عظمیٰ کے ایس ڈی او سلام شیخ، سابق میونسپل کمشنربلدیہ کورنگی طلعت محمود کے مقدمات شامل ہیں۔ واٹر بورڈ کے انجینئر انتخاب عالم کیخلاف بھی انکوائری بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے،جبکہ رواں ہفتے مزید اہم مقدمات بند کرنے کی منظوری دئیے جانے کی توقع ہے ،جس کے لئے فائلوں کی چھان بین جاری ہے اور حکومت نے اس حوالے سے فہرست طلب کی ہے ۔ دوسری جانب نگران حکومت بھی جاتے جاتے سابق وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم اورسینیٹر راحیلہ گل مگسی کے خلاف کرپشن مقدمات ختم کرنے کی منظوری دے گئی ۔ اس سلسلے میں اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ضمیر عباسی نے20مقدمات ختم کرنے کی منظوری کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ منظوری اینٹی کرپشن کمیٹی ون نے حالیہ اجلاس میں دی تھی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More