خیبر پختون – پسندیدہ قلمدان نہ ملنے پر 2 وزرا باغی
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختون میں پسندیدہ قلمدان نہ ملنے پر 2وزرا نے بغاوت کر دی ،جس کے باعث تحریک انصاف کی حکومت کو صوبے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہ محمد وزیر نے پارٹی فیصلے سے بغاوت کرتے ہوئے وزیراعلی ٰکے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ کا عہدہ لینے سے انکار کردیا ہے ،جبکہ اکبر ایوب بھی ناراض ہوگئے، انہیں ورکس اینڈ سروسز کا قلمدان نہ دینے پر اعتراض ہے۔پرویز خٹک جمشید الدین کو وزارت دینے کے حامی تھے۔ خیبر پختون میں شاندار فتح کے باوجود تحریک انصاف صوبے کی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اختلافات کا شکار ہے۔ وزارتوں کی تقسیم کے معاملے میں تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شاہ محمد وزیر نے پارٹی فیصلے سے بغاوت کرتے ہوئے وزیراعلی ٰکے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ کا عہدہ لینے سے انکار کردیا ہے۔شاہ محمد وزیر کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں وہ سب سے سینیر ہیں، اس لیے کوئی چھوٹا عہدہ نہیں لیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے سوات کے ایم پی اے کو وزارت اعلیٰ کاعہدہ دیا گیا، ہزارہ کو اسپیکرشپ سمیت تمام اہم عہدے دیئے گئے ،جبکہ دوسری جانب جنوبی اضلاع کو مخصوص سیٹوں میں بھی نظر انداز کیا گیا ہے۔ شاہ محمد وزیر نے پارٹی کو خبردار کیا کہ بنوں میں این اے 35 کی سیٹ خطرے میں ہے۔ ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختون محمود خان نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم شاہ محمد وزیر کو سینئر وزیر بنائیں گے۔