بنگلہ دیشی کرکٹر پر اہلیہ کاپر تشدد اور گھر سے نکالنے کا الزام
ڈھاکہ (امت نیوز) بنگلہ دیشی کرکٹر مصدق حسین پر اہلیہ نے جہیز نہ لانے پر تشدد کرنے اور گھر سے نکال دینے کا الزام عائد کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 22 سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین مصدق حسین آئندہ ماہ شیڈول ایشیا کپ کیلئے ٹیم کا حصہ بھی ہیں، انھوں نے 6 سال قبل اپنی کزن شرمین سمیرا اوشا سے شادی کی تھی۔ ایڈیشنل جوڈیشل مجسٹریٹ روزینہ خان نے اوشا کی شکایت پر متعلقہ پولیس اسٹیشن کو تحقیقات کا حکم دیدیا، وکیل ریاض الکریم کے مطابق مصدق نے دس لاکھ ٹکا جہیز کی مد میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے میری موکلہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور 15اگست کو گھر سے بھی نکال دیا۔دوسری جانب کرکٹر کے بھائی مبصر حسین مون نے کہاکہ شادی کے بعد سے ہی دونوں میں ناچاقی پیدا ہوگئی تھی، میرے بھائی نے15اگست کو طلاق کے کاغذات بھیجے تاہم وہ نکاح نامے میں درج رقم سے زائد کا تقاضا کررہی تھیں۔