لاہور میں ایل پی جی مافیا کیخلاف اعلان جنگ-عوامی یونین کی رکشہ جلاؤ مہم

0

لاہور (خبر ایجنسیاں) عوامی رکشہ یونین نے ایل پی جی قیمت میں فی کلو 120 روپے اضافے پر مافیا کیخلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے احتجاجاً رکشے جلانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے، اس سلسلے میں یونین کارکنوں نے شہر کے مختلف مقامات پر مظاہروں کے دوران رکشے نذر آتش کر کے راستے بند کر دیئے، جس سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ عوامی رکشہ یونین کے کارکنوں نے چیئرمین مجید غوری کی کال پر پہلے بابو صابو انٹر چینج چوک میں رکشہ نذر آتش کیا اور سڑک پر لیٹ کر ٹریفک جام کردی اور ایل پی جی مافیا اور انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کر تے رہے۔ بعدازاں یونین کی دوسری ٹیم نے ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں بھی رکشہ نذر آتش کیا اور نعرے بازی کی، مظاہرے میں شریک سیکڑوں کارکنوں نے ٹریفک بند کر دیا، جس سے چوک مکمل طور پر بلاک ہوگیا۔ اس موقع پر مجید غوری نے میڈیا کو بتایا کہ ایل پی جی مافیا نے ظلم کی انتہا کرکے نا صرف رکشہ ڈرائیوروں کی زندگی اجیرن کردی بلکہ گھریلو صارفین کے بجٹ کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، گزشتہ 10 روز سے ہمارے پرامن احتجاج کا انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ کہ اگر اضافہ واپس نہ لیا گیا تو میٹرو بس کے ٹریک پر بھی رکشے نذر آتش کرکے ٹریک اور شہر کے انڈر پاسز رکشے لگا کر بند کردینگے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More