بھارتی وزیر اعظم مودی کے مبینہ قتل منصوبے کا انکشاف
نئی دلی ( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے قتل کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد پولیس نے 5 ریاستوں میں ماؤ نواز باغیوں اور ان کے حامیوں کے ٹھکانوں پر چھاپے بھی مارے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماؤ نواز باغیوں کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو قتل کی منصوبہ بندی کی گئی تھی جس کے بعد پولیس نے ریاست مہاراشٹرا، تلنگانا، دہلی، جھارکھنڈ اور گوا میں ماؤ نواز باغیوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ انہیں بعض شواہد، ای میلز، دستاویزی ثبوت اور ایسا لٹریچر مواد ملا جو نشاندہی کرتا ہے کہ لیفٹ ونگ ایکسٹریمسٹ (ایل ڈبلیو ای) کی جانب سے راجیو گاندھی طرز پر وزیر اعظم نریند مودی کے قتل کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔پولیس نے ماؤ نواز نظریے کے حامی نامور انقلابی مصنف واورا راؤ اور ان کی صاحبزادی کی پونے میں رہائشگاہ پر چھاپہ مارا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ وراورا راؤ اور ان کی صاحبزادی کے ماؤ نواز باغیوں سے رابطے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پولیس نے غیر ملکی یونیورسٹی سے وابستہ پروفیسر کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا اور چھان بین کی۔مہاراشٹرا پولیس نے دعویٰ کیا کہ ماؤ نواز باغیوں نے دلت اور اونچی ذات کے درمیان تنازعہ پیدا کیا جس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔