بغیر مقدمات شہری کو 3 برس جیل میں رکھنے پر جواب طلب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عبدالرسول میمن پر مشتمل بنچ نے مقدمات کے بغیر شہری قمر زیب کو 3 سال جیل میں رکھنے کے خلاف دائر اپیل پر مقدمے کے تفتیشی افسر سے 7 ستمبر تک تحریری جواب طلب کرلیا۔سماعت پر جسٹس عبدالرسول میمن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شہری کو بے گناہ جیل میں رکھنے پر جیل حکام اور تفتیشی افسر کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔پولیس والوں نے جنگل کا قانون بنا رکھا ہے ۔جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شہری عمر کی گمشدگی کے خلاف اس کی اہلیہ مسماۃ شمس النسا کی جانب سے دائر درخواست پر وزارت داخلہ، پولیس اور رینجرز سمیت دیگر کو ستمبر کے دوسرے ہفتے کے لیے نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ڈی جی نیب سکھر فیاض قریشی کے خلاف غیر قانونی اثاثہ جات بنانے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے سے متعلق دائر درخواست پر 11 ستمبر تک نیب کو جواب جمع کرنے کی ہدایت کر دی۔ہائی کورٹ نے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر کے الیکٹرک کے خلاف توہین عدالت سے متعلق درخواست کی سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔