کراچی سمیت صوبے میں غیرقانونی تعمیرات برداشت نہیں-وزیربلدیات

0

کراچی(بزنس رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت محکمہ بلدیات کے تمام ملازمین کو اب صبح9 بجے اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر ہونا ہوگا۔کراچی سمیت صوبے بھر میں غیر قانونی تعمیرات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔شکایت ملنے پر متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔کراچی کے تمام ٹاؤنز میں غیر قانونی تعمیرات اور ان کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں اور متعلقہ افسران کی فہرست 48گھنٹے کے اندر فراہم کی جائے۔ کراچی میں غریب اور متوسط طبقے کے عوام کے لئے سستے پلاٹ اور آسان ترقیاتی اسکیموں کو متعارف کرایا جائے۔تمام افسران اور ملازمین ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، ان کو اداروں میں کام کرنا پڑے گا ورنہ انہیں گھر جانا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مرکزی دفتر کے دورے اور منعقدہ اجلاس کی صدارت اور بعدازاں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی، سنئیر ڈائیریکٹر اسکار درانی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں اجلاس میں صوبائی وزیر کو مکمل بریفنگ دی گئی۔ ایک سوال پر سعید غنی نے کہا کہ ڈی جی ایس بی سی اے کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ فوری طور پر60،80اور120گز کے چھوٹے گھروں کی تعمیرات کے لئے آسان اور فوری طور پر ان کی تعمیرات کے حوالے سے پالیسی مرتب کریں تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کی جاسکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More