انور مجید اور بیٹے کو اسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)بینکنگ کورٹ کے جج طارق محمود کھوسہ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزمان انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کو 4ستمبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔منگل کو منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ۔ایف آئی اے حکام نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کو سخت سیکورٹی میں عدالت پیش کیا۔ انور مجید کو ایمبولینس کے ذریعے لایا گیا۔تفتیشی افسر نےعدالت کو بتایا کہ ملزمان سے تفتیش مکمل کرلی گئی ہے۔ مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔جس پر عدالت نے ملزمان کو 4ستمبر کو پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ۔وکلا صفائی نے بیماری کی بنا پر ملزمان کو اسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی جسے مسترد کرتے ہوئےفاضل جج نے قرار دیا کہ اگر ملزمان بیمار ہیں تو ان کا علاج جیل میں ہوسکتا ہے۔ملزمان کے وکلا چاہیں تو اس کیلئے الگ درخواست دائر کرسکتے ہیں۔