اورنگی کا خطرناک متحدہ ٹارگٹ کلر مقابلے میں ہلاک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اتحاد ٹاؤن پولیس نے مقابلے میں متحدہ قومی موومنٹ لندن کے خطرناک ٹارگٹ کلر کو ہلاک کرکے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ہلاک ٹارگٹ کلر کچھ ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہوکر آیا تھا۔تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹاؤن پولیس نے بلدیہ کاٹیج ایریا کے قریب متحدہ لندن کے دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ کارروائی کی، تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی اور فرار ہونے لگے۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ایس ایچ او فلک شیر نے ‘‘امت ’’کو بتایا کہ ہلاک کی شناخت زوہیب عرف ڈبلیو سی عرف ڈاکٹر ولد نور احمد کے نام سے ہوئی۔ملزم کا تعلق متحدہ لندن سے تھا اور وہ اورنگی میں ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور ڈکیتی کی سیکڑوں وارداتوں میں ملوث تھا۔یہ ایک ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہوکر آیا تھا اور اورنگی ٹاؤن میں دوبارہ بھتہ خوری و ڈکیتیاں کررہا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ٹارگٹ کلر متحدہ لندن کی ہدایت پر کسی ہائی پروفائل شخص کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔