بدین کا سی آئی اے سینٹر منشیات کا مرکز نکلا- 2اہلکار گرفتار

0

بدین (نمائندہ امت) سی آئی اے سینٹر بدین منشیات کامرکزنکلا، ایس ایس پی کے چھاپے میں گٹکے کی بھاری کھیپ برآمد کر کے 2اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ ڈی ایس پی سمیت 5 کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ منشیات برآمدگی کے بعد سی آئی اے سینٹر بند کر دیا گیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بدین میں منشیات کی روک تھام کے لئے پولیس کی کالی بھیڑوں کے خلاف ایس ایس پی بدین حسن سردار نے کارروائی شروع کردی ہے، رات گئے پولیس پارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پولیس ہیڈ کوارٹر بدین کے ایک رہائشی کوارٹر پر چھاپہ مارکر چودہ سفینہ گٹکے کے بورے برآمد کرلئے اور دو پولیس اہلکار سی آئی اے تھانہ کے ہیڈ محرر قادر بکاری پولیس کانسٹیبل قمر بوہڑ کو گرفتار کرلیا۔ موقع سے سی آئی اے کے ڈی ایس پی امداد سولنگی، اسسٹنٹ انسپکٹر محمد خان کلوئی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ایس ایس پی بدین کی ہدایات پر کی جانے والی کارروائی کے بعد دو گرفتار پولیس اہلکاروں کو لاک اپ کر دیا گیا جبکہ ڈی ایس پی سی آئی اے، سب انسپکٹر سمیت 5ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ملزمان کو ریمانڈ کے لئے عدالت میں بهی پیش کیا گیا جس پر پولیس کو اپنے پیٹی بهائیوں کا 3روزہ ریمانڈ بهی مل گیا۔ ایس ایس پی بدین حسن سردار نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ضلع بدین میں منشیات کے خاتمے کے خلاف کسی بھی حد تک جایا جاسکتا ہے پهر چاہے وہ پولیس میں موجود کالی بھیڑیں ہی کیوں نہ ہوں سب کا کڑا احتساب اور محاسبہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کے پولیس ہیڈکوارٹر میں قائم سی آئی اے مرکز یوں کو خفیہ پولیس کے فرائض سر انجام دیتا ہے لیکن سیاسی بنیاد پر بهرتیوں نے اس سینٹر کو جرائم کا سرپرست بنا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سی آئی اے کے اہلکار و افسران منشیات فروشی سے لیکر نوجوانوں کے اغوا اور بدفعلی میں بهی بڑے پیمانے پر ملوث ہیں۔ منشیات ملنے کے بعد سینٹر کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More