الیکشن میں مسترد شدہ فضل الرحمن کا صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اخلاقی جواز نہیں- محفوظ النبی ایڈووکیٹ
کراچی (پ ر) سیاسی تجزیہ کار محفوظ النبی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مسترد شدہ امیدوار کو اسی سلسلے میں ہونے والے بلواسطہ انتخاب میں حصہ لینے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔ تحریک انصاف کے کارکنوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو الیکشن2018 میں عوام نے مسترد کر دیا۔ انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر ناکام رہے ہیں، جہاں ان پر عوام نے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسترد کر دیا اور خود اپنی آبائی نشست پر بھی منتخب نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ فضل الرحمن کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی میں ایسے سیاسی عناصر شامل ہیں جو ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے نامزد صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کے بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے، جس میں انہوں نے سیکورٹی کی پرواہ کئے بغیر عوام کے درمیان رہنے کا اعلان کیا ہے۔