ہالینڈ سے سفارتی تعلقات توڑنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور

0

اسلام آباد( نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک)گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے خلاف ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کر دی گئی ،جسے سماعت کیلئے منظور کر لیا گیا ہے۔پٹیشن سوشل ایکٹویسٹ و سابق مرکزی ترجمان شہدا فاؤنڈیشن حافظ احتشام احمد کی جانب سے دائر کی گئی ہے ،جس میں وزیراعظم، سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری آئی ٹی کو فریق بنایا گیا ہے،پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہالینڈ کے وزیراعظم کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کو ملعون گیرٹ ولڈرز کا حق قرار دینا اور ہالینڈ کے محکمہ قومی سلامتی اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے انعقاد کی اجازت کا واضح مطلب ہے کہ ہالینڈ کی حکومت اس ناپاک منصوبے میں مکمل طور پر شریک ہے۔پٹیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کا ہالینڈ کے سفیر کو طلب کرکے نہ تو احتجاج کرنا کافی ہے اور نہ ہی اس معاملے پر او آئی سی اور اقوام متحدہ سے رجوع کرنا۔ ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کو یقینی بنائے،آزادی اظہار رائے کے نام پر گستاخی ناقابل برداشت ہے،اس معاملے پر حکومت کو سخت تادیبی اقدام کرنا چاہئے،اگر حکومت نے ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع نہ کئے تو ملک میں امن و امان کا شدید مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے،آقا ؐ کی ناموس کا تقاضہ ہے کہ حکومت نا صرف ہالینڈ سے سفارتی تعلقات کو فوری طور پر منقطع کرے،بلکہ ہالینڈ کا معاشی بائیکاٹ بھی کیا جائے۔پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ وزیراعظم اور وزارت خارجہ کو حکم دے کہ وہ ہالینڈ سے سفارتی تعلقات فوری طور پر منقطع کرتے ہوئے ہالینڈ کے سفارتی عملے کو پاکستان سے بے دخل کرے اور پاکستان کے سفارتی عملے کو ہالینڈ سے واپس بلائے،عدالت عالیہ وفاقی وزارت داخلہ کو حکم دے کہ وہ ہالینڈ کی تمام مصنوعات پر پاکستان میں خرید و فروخت پر پابندی عائد کرے، عدالت وفاقی وزارت آئی ٹی کو حکم صادر کرے کہ وہ ناصرف اس بات کو یقینی بنائے کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ سوشل میڈیا کے کسی بھی ذریعے سے پاکستان میں نہ دیکھایا جاسکے ،بلکہ سوشل میڈیا مالکان سے رابطہ کرکے اس بات کو یقینی بنائے کہ عالمی سطح پر بھی سوشل میڈیا میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ نہ دیکھایا جاسکے،اگر سوشل میڈیا مالکان اس سلسلے میں تعاون سے گریز کریں تو عدالت تمام سوشل میڈیا ویب سائٹس کو احتجاجاََ پاکستان میں بلاک کرنے کا حکم صادر کرے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی آج جمعرات کوپٹیشن کی سماعت کریں گے۔ دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہالینڈ کے ہم منصب سے رابطہ کر کے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے ناپاک اعلان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ میں کہا کہ شاہ محمود قریشی نے ہالینڈ کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا اور ڈچ سیاستدان گریٹ ولڈرز کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کےمقابلے کے اعلان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہالینڈ کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ ان کی حکومت کا اس مقابلے سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی وہ اس مقابلے کی حمایت کر رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More