یمن کے با رے میں سعودی اتحادی افواج نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی
صنعاء(آن لائن)یمن میں سعودی اتحادی افواج نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ غیر مصدقہ اور گمراہ کن معلومات کو بنیاد بنا کر مرتب کی گئی ہے۔اقوام متحدہ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں یمن میں ہونے والے حملوں کو جنگی جرائم قرار دیا تھا۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ کئی چیزیں غیر مصدقہ ہیں۔یمن میں جاری جنگ کے حوالے سے اقوام متحدہ نے اس نوعیت کی اپنی پہلی رپورٹ میں کہا تھا کہ یمن میں تمام فریقین نے جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مبینہ طور پر یمن کی سکیورٹی فورسز، سعودی اتحاد اور حوثی باغیوں نے شہریوں کی حفاظت کے لیے بہت کم اقدامات کیے۔ رپورٹ میں سکولوں، ہسپتالوں اور مارکیٹوں پر بمباری اور شیلنگ کا ذکر کیا ہے جن میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے ۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ جنگ میں شامل فریقین نے عارضی حراستی مراکز بنا رکھے ہیں جس میں مخالفین کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور فریقین پر بچوں کو بھرتی کرنے کا الزام بھی ہے۔ یمن میں جنگ میں شامل سعودی عرب اور اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ اتحاد نے دسمبر 2017 میں کام شروع کرنے والے اقوام متحدہ کے گروپ کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور انھیں حقائق پر مبنی معلومات فراہم کیں ہیں۔اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے چند غیر سرکاری تنظیموں کی گمراہ کن رپورٹس کو بنیاد بنا کر اْن پر جھوٹے الزامات عائد کیے ہیں۔ان گمراہ کن الزامات میں عام شہریوں کو نشانہ بنانا، امدادی اشیا کی رسائی پر پابندی عائد کرنا اور عارضی حراستی مراکز بنانا شامل ہیں۔